دیامر گلگت :چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہوچکی ، کیوں کہ موجودہ وزیراعظم کا ہر وعدہ جھوٹ ہے ، اب جو کام رہتا ہے وہ صرف پیپلزپارٹی ہی کرسکتی ہے ، ہمیں گلگت بلتستان کو صوبہ کا حق دلوانا ہے ، جس کے لیے ہمیں یہاں کے نمائندے کو قومی اسمبلی میں بٹھانا ہے۔تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے دیامر میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس ملک کی حکومت بننی ہے تو یہاں کے عوام بنائیں گے ، گلگت بلتستان کے عوام کو بھی ان کی اپنی زمین کا مالک بنائیں گے ، جس کے لیے میں یہاں کے عوام سے 3 وعدے کر رہا ہوں ، ہمارامنشورگلگت بلتستان کے نوجوانوں کو حق اور روزگار دلوانا ہے ، ہم اس علاقے کو حق حاکمیت دلوانا چاہتے ہیں ، ماضی میں ہماری جماعت نے گلگت بلتستان کے عوام کو صوبائی اسمبلی اور وزیراعلی دیا ، اس کے ساتھ ساتھ گلگت بلتستان کے عوام کو جمہوری اور سیاسی آزادی دلوائی ، جس کے لیے اس علاقے سے ایف سی آر کا خاتمہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے صرف اور صرف جمہوری سیاست کی ہے ، ہر علاقے میں جا کر آپ سے اپیل کررہا ہوں کہ پیپلزپارٹی کا ساتھ دیں ، ہمیں دیکھ کر کچھ اور سیاسی جماعتیں بھی گھبرانا شروع ہوگئی ہیں، اسی لیے تو قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے وزیراعظم نے گلگت کا دورہ کیا ، لیکن تبدیلی کے نام پر پورے پاکستان میں تباہی پھیل رہی ہے، آج ملک میں مزدور، ڈاکٹرز اور کسان احتجاج کررہے ہیں ، موجودہ حکومت نے 2سال کے دوران گلگت میں کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا ، وزیراعظم نے دو سال کے دوران گلگت کو کوئی پیکج کیوں نہیں دیا ، ہمیں گلگت بلتستان کو صوبہ کا حق دلوانا ہے ، جس کے لیے ہمیں یہاں کے نمائندے کو قومی اسمبلی میں بٹھانا ہے
