صوبہ خیبرپختونخوا کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا ایک جوان شہید ہوگیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی شمالی وزیرستان میں اسپن وام کے شمال مغرب میں دریائے کیتو کے قریب دہشت گردوں کے ٹکھانے پر کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق جیسے ہی فورسز نے علاقے کا محاصرہ کیا دہشت گردوں نے علاقے سے فرار ہونے کے لیے فائرنگ شروع کردی، تاہم اس دوران فورسز نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے تمام دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔بیان میں کہا گیا کہ اس فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کا ایک سپاہی صدام شہید ہوگیا جبکہ 2 جوان زخمی ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید سپاہی صدام کی عمر 27 سال اور ان کا تعلق خیبرپختونخوا کے علاقے کرک سے تھا۔خیال رہے کہ وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز اور عسکریت پسندوں کے مابین اکثر جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، سیکیورٹی فورسز نے حالیہ مقابلوں کے دوران متعدد اہم دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے جبکہ پاکستانی فوجی جوانوں نے بھی اس دوران جام شہادت نوش کیا ہے۔19نومبر کو خیبرپختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقے پاشا زیارت کے نزدیک سیکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 فوجی جوان شہید جبکہ ایک زخمی ہوگیا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا کہ دہشت گردوں نے گزشتہ رات حملہ کیا جس کا سیکیورٹی فورسز نے فوری اور بھرپور جواب دیا۔17 اکتوبر کو قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں فوجی قافلے پر دہشت گردوں کے آئی ای ڈی دھماکے میں ایک افسر اور 5 سپاہی شہید ہوگئے تھے۔





