جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈہ مہم چلانے کی ذمہ داری سے انکار بھارتی کوششیں پاکستان نے مسترد کردیں

جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈہ مہم چلانے کی ذمہ داری سے انکار بھارتی کوششیں پاکستان نے مسترد کردیں

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

اسلام آباد: پاکستان بھارتی وزارت امور خارجہ کی پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر جھوٹ پرمبنی اطلاعات پھیلانے کی قابل مذمت مہم چلانے کی ذمہ داری سے جان چھڑانے کی کوششوں کومسترد کرتا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہاگیاکہ پاکستان کے خلاف جھوٹ پھیلانے کے اس بھارتی نیٹ ورک کو یورپی یونین کی ’ڈس انفولیب‘ نے بے نقاب کیا ہے، جھوٹی اور غیرمصدقہ معلومات کی نگرانی وجانچ پڑتال کرنے والے غیرجانبدار اور غیرمنافع بخش ادارے کی حالیہ رپورٹ نے انکشاف کیا ہے کہ ایک سو سولہ ممالک میں ساڑھے سات سو سے زائد ’ویب‘ اور ساڑھے پانچ سو سے زائد ڈومین نام رجسٹرڈ کرائے گئے تھے جن میں مردہ لوگوں کی شناخت کو مذموم مقاصد کے لئے استعمال کیاگیا، یورپی یونین کے اداروں کے نام جعلسازی کرکے استعمال کئے گئے، اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل سے دس سے زائد این جی اوز کو منسلک کرایاگیا جنہیں بھارت براہ راست کنٹرول کرتا تھا تاکہ پاکستان کے خلاف عالمی سطح پر جھوٹ پراپگنڈہ کیاجائے جبکہ پاکستان کے خلاف دنیا بھر میں جھوٹی خبریں اور معلومات پھیلائی جائیں،بھارتی وزارت امور خارجہ کے تمام بلند وبانگ جھوٹے دعووں کا کوئی سرپیر نہیں،عالمی سطح پر جو حقائق منکشف ہوئے ہیں ان سے یہ امر پوری طرح عیاں ہوچکا ہے کہ بھارت نہ ہی ’ذمہ دار ملک‘ ہے اور نہ ہی ’جمہوریت‘ ہے۔ترجمان نے کہاکہ ہم پہلے ہی ناقابل تردید اور ٹھوس شواہد پیش کرچکے ہیں کہ کس طرح بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی منصوبہ بندی، اس کے فروغ، سرپرستی و معاونت ، مالی مدد اور دہشت گرد سرگرمیاں انجام دینے میں ملوث ہے۔ یورپی یونین کی ’ڈس انفولیب‘ کی رپورٹ سے پاکستان کے بھارت کے بارے میں دیرینہ موقف کی تصدیق ہوگئی ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرتا ہے اور پاکستان کے خلاف مسلسل کردار کشی کی مہم چلارہا ہے۔ ہم اقوام متحدہ کی انسانی حقوق مشینری بالخصوص انسانی حقوق کونسل پر زور دیتے ہیں کہ وہ پوری سنجیدگی سے اس معاملے کو دیکھے کہ انسانی حقوق کونسل جیسے معتبر ادارے کو کیسے ایک رکن ملک کے خلاف غلط طورپر استعمال کیاگیا۔ سویٹزرلینڈ اور بیلجئیم میں مجاز حکام اپنے ہاں رجسٹرڈ ان متعلقہ این جی اوز کے مالی معاملات اور امور کار کی شفافیت کی تحقیق کریں۔ہم یورپی یونین اتھارٹیز پر زوردیتے ہیں کہ پاکستان کے خلاف جھوٹ پھیلانے کی اس بڑی مہم کا نوٹس لیاجائے اور ان عناصرکو کٹہرے میں کھڑا کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں جو ان کے نظام کاناجائزاور یورپی یونین کے اداروں کا غلط استعمال کے مرتکب پائے گئے ہیں۔ بہت عرصے سے بھارت نے اپنے چہرے پر ”دہشت گردی سے متاثرہ“ ہونے کا نقاب اوڑھ رکھا ہے۔ دنیا کے سامنے بھارت کی اس حقیقت کے بے نقاب ہونے کا وقت آگیا ہے کہ یہ ریاست دہشت گردی کی سرپرستی کرتی ہے اور عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف جھوٹا پراپگنڈہ پھیلانے میں ملوث ہے۔ تازہ انکشافات نے ثابت کردیا ہے کہ بھارتی جھوٹ کی کوئی بھی حد دنیا کی توجہ غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں انسانیت کے خلاف بھارتی جرائم سے توجہ نہیں ہٹاسکتی اور نہ ہی عالمی برادری کو گمراہ کیاجاسکتا ہے۔ بھارتی ریاستی دہشت گردی کے مقابلے اور اس کے جھوٹے بیانیے کو بے نقاب کرتے ہوئے پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق استصواب رائے کی منصفانہ جدوجہد میں ان کی حمایت جاری رکھے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!