پی ڈی ایم رہنماﺅں کے عوام کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنے ،قرضوں ،غربت،مہنگائی سے نجات اور دیگر نکات پر مشتمل ”اعلان لاہور“پر دستخط

پی ڈی ایم رہنماﺅں کے عوام کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنے ،قرضوں ،غربت،مہنگائی سے نجات اور دیگر نکات پر مشتمل ”اعلان لاہور“پر دستخط

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

لاہور:پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ میں شامل جماعتوں نے عوام کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنے ،ملک کو قرضوں ،غربت،مہنگائی ،بیروزگاری ،ناخواندگی سے نجات دلانے، سماجی اور معاشی ناہمواری دورکرنے اور ملکی معیشت کو جدید سائنسی اورتکنیکی واطلاعاتی صنعتی انقلاب کے تقاضوںسے ہم آہنگ کرنے کےلئے ہنگامی اقدامات اٹھانے کے حوالے سے نکات پر مشتمل ”اعلان لاہور“پر دستخط کردئیے جبکہ پی ڈی ایم نے کہا ہے کہ آئین کی اسلامی شقوں،اٹھارویں ترمیم اورشہریوںکے بنیادی انسانی،سیاسی اور معاشی حقوق کا دفاع اورسیاست سے اسٹیبلشمنٹ اورانٹیلی جنس اداروں کی ہر طرح کی مداخلت کوختم کیا جائے گا ۔جاتی امراءرائے ونڈ میں منعقدہ پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس کے بعد اعلان لاہور کا اعلامیہ جاری کیا گیا جس کے متن میں کہا گیا ہے کہ 8دسمبر2020کو اسلام آبادمیںپاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہی اجلاس میں جو اساسی مقاصد طے کئے گئے تھے اس کے تسلسل میں مینار پاکستان کے سائے میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ میں شامل سیاسی جماعتیںجو پاکستان کی اسلامی،وفاقی ،پارلیمانی آئین پر یقین رکھتی ہیں ،انہوں نے 13دسمبر کواسی تاریخی میدان میں جہاں 23مارچ1940 کومسلمانان جنوبی ایشیاءنے قائد اعظم کی قیادت میں اپنے لئے آزاد ریاست کا خواب دیکھا تھا پاکستان کے عوا م سے عہد کیا ہے کہ وہ اس تاریخ ساز خواب کو جو کہ مملکت پاکستان کے بسنے والوںکے سیاسی معاشی اورسماجی حقوق کا ضامن ہے شرمندہ تعبیر کے لئے مل کرجدوجہد کریں گی ۔ ایک ایسا پاکستان تشکیل دےں گی جہاں آئین کی حرمت مقدم ہو، ریاست کے تمام انتظامی ادارے ایک منتخب انتظامیہ اور پارلیمنٹ کے تابع ہوں ،جو قومی پالیسی سازی کا منبع ہو، عدلیہ آزاد ہو اور بغیر کسی دباﺅ کے فیصلے کر سکے،میڈیا کی آزادی اظہاررائے کوتحفظ حق حاصل ہو ۔ تمام منتخب ادارے عوام کے سامنے جوابدہ ہوں اورعوام کو یہ اختیار حاصل ہو کہ وہ اپنے آزادانہ حق رائے دہی کے ذریعے انہیں منتخب اور رخصت کر سکیں ۔ آج پاکستان کے عوام بالخصوص غریب متوسط طبقے اورنوجوان بد ترین مہنگائی بیروزگاری اورسماجی عدم تحفظ کا شکارہو چکے ہیں اور ان کی ابتلائےں روزبروزبڑھتی ہی جارہی ہیں جس کے ذمہ دار سلیکٹڈ حکومت اور اس کے سہولت کار ہیں جنہوںنے 2018ءکے انتخابات میں بد ترین دھاندلی کے ذریعے پاکستان کے عوام سے ان کا مینڈیٹ چراکرایک ایسی مصنوعی اور نااہل حکومت کوان پر مسلط کیاجس نے پاکستان کی ترقی کے سفر کو چکنا چورکردیا ۔ اس سے پہلے کہ ملک بالکل دیوالیہ اور عوام پس جائیں ملک کو موجودہ بحران سے نجات دلانے کے لئے ضروری ہے کہ اسے سلیکٹڈہائبرڈنظام کو فی الفوررخصت کیا جائے اور ملک میں آزاد،منصفانہ او رشفاف انتخابات کے ذریعے حقیقی نمائندہ حکومت قائم کی جائے جو معاشی اصلاح احوال کے لئے فوری اوردورس اقدامات سے ملک میں ایسے سماجی انصاف پر مبنی معاشی ترقی کی حکمت عملی بروئے کارلائے جس سے خود دار ، خودمختا ر اورخوشحال پاکستان کا خواب حقیقت بن سکے۔پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں عہد کرتی ہیں کہ وہ عوام کو بہتر معیار زندگی فراہم کرنے ،ملک کو قرضوں کے جال سے خلاصی کرانے،غربت،مہنگائی ،بیروزگاری ،ناخواندگی اور بیماریوں سے نجات دلانے، سماجی اور معاشی ناہمواری دورکرنے اور ملکی معیشت کو جدید سائنسی اورتکنیکی واطلاعاتی صنعتی انقلاب کے تقاضوںسے ہم آہنگ کرنے کےلئے ہنگامی اقدامات اٹھائیں گی ۔ کسی بھی قوم کی طاقت اور صلاحیت کا دارومدار اس کے مستحکم سیاست،توانا معیشت ،آزاد خارجہ پالیسی اورمضبوط دفاع کے مربوط ڈھانچے پر ہوتا ہے ،پاکستان جس کی اساس جمہوری اور آئینی بنیاد پر رکھی گئی تھی اسے اسٹیبلشمنٹ کی ریاست پر بالادستی کے عزائم نے 73سالوں سے مستحکم نہیں ہونے دیا اورقومی صلاحیت کی مربوط طاقت کوکمزورکیا ۔ اس کھیل میں ہم سے آدھا ملک بھی جداہو گیا ۔ پاکستان کو اس کے بانی قائد اعظم کے خواب کی تعبیر بنانے کےلئے تمام جماعتیںعہد کرتی ہیں کہ وہ ملکی سیاست کو اچھی جمہوری حکمرانی کے اصولوںکے مطابق میرٹ، شفافیت اور عوامی خدمت کے اصولوں پر فروغ دیں گی ۔ جمہوری اداروں کوقومی ،صوبائی اورمقامی سطح پر مضبوط کریں گی ۔ آئین کی اسلامی شقوں،اٹھارویں ترمیم اورشہریوںکے بنیادی انسانی،سیاسی اور معاشی حقوق کا دفاع کریں گی ۔ ملک میں برداشت اوربھائی چارے کو فروغ دیں ، انتہا پسند کا قلع قمع کریں گی اورسیاست سے اسٹیبلشمنٹ اورانٹیلی جنس اداروں کی ہر طرح کی مداخلت ختم کریں گی ۔پاکستان کو درپیش سکیورٹی چیلنج کے تحت ملک کے سکیورٹی کے اداروں کو خالصتاً پروفیشنل بنیادوں پر مضبوط کریں گے۔ مقبوضہ کشمیر اورفلسطین کے مسلمانوںکے حق رائے دہی اور آزادی سے اپنی مکمل یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں۔مطالبہ ہے کہ دھاندلی کی پیداوار اور ملک کو معاشی ، سیاسی اور خارجی محاذوں پر درپیش بدترین بحرانوںکی ذمہ دارموجودہ حکومت 31جنوری 2021ءفی الفور مستعفی ہو وگرنہ ملک بھر سے موجودہ حکمرانوں کے خلاف یکم فروری کو فیصلہ کن لانگ مار چ کا اعلان کردیا جائے گا۔” اعلان لاہور“ پر اتحاد میں شامل تمام جماعتوں کی قیادتوں کے دستخط ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!