نوشہرہ:عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رہنما میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ وزیراعظم پی ڈی ایم کے خوف سے ماورائے آئین کام کیوں کررہے ہیں؟میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں افتخار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خود کو مضبوط وزیر اعظم کہتے ہیں، تو پھر وزیراعظم پی ڈی ایم کے خوف سے ماورائے آئین کام کیوں کررہے ہیں؟میاں افتخار نے کہا کہ اوپن بیلٹ سے سینیٹ انتخابات صرف آئینی ترمیم سے ممکن ہیں، پی ڈی ایم کے جلسوں سے گھبرا کر حکومت سینیٹ الیکشن قبل از وقت کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم آخری وقت تک حکومت کا مقابلہ کرے گی، رابطوں اور مذاکرات کا وقت گزر چکا ہے۔میاں افتخار حسین نے کہا کہ دو سال اپوزیشن کا مذاق اڑانے والے کس منہ سے مذاکرات کی بات کررہے ہیں۔






