سوراب : بلوچستان کے علاقے سوراب بازار میں سیکورٹی اہلکاروں کے قریب ہینڈگرنیڈ بم دھماکہ کے نتیجے میںخاتون اور2سیکورٹی اہلکاروں سمیت 16 افراد زخمی ہوگئے ہیں گورنر بلوچستان امان اللہ یاسین زئی اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ دہشت گرد عناصر اپنے مزموم مقاصد کے حصول کے لیے صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق منگل کے دن دوپہر 3 بجے کے قریب سوراب کے مین بازار میں سیکورٹی اہلکاروں پرنامعلوم مسلح افراد نے ہینڈ گرنیڈ پھینک دیا اور فرار ہوگئے ،ہینڈ گرنیڈ زوردار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کور بلوچستان کے خاتون اور2جوانوں سمیت 16شہری زخمی ہوگئے ہیں زخمیوں میں ایف سی جوان محمد سلیم اور نظام سمیت انور ،عبدالطیف ،عنایت اللہ ،محمدایوب ،بلال احمد،عبدالباسط، میر زیب ،عبدالمالک ،سمیر،محمدنواز،حبیب اللہ ،محمداسماعیل مسماة صفت خاتون شامل ہیں ،،زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، مقامی انتظامیہ سمیت دیگر سیکورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پرپہنچ کر علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی ۔دوسری جانب گورنر امان اللہ خان یاسین زئی اور وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سوراب میں سیکیورٹی فورسز پر دستی بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد عناصر اپنے مزموم مقاصد کے حصول کے لیے صوبے کا امن خراب کرنا چاہتے ہیںعوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے انہوں نے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیئے پختہ عزم کا اظہار کیااور ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔
