اسلام آباد: وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) عملی طور پر ختم ہوگیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا فیصلہ سیاسی فیصلہ ہے،نوازشریف نے 2008، میموگیٹ کے دوران پیپلزپارٹی کی پیٹھ پرخنجرگھونپا تھا، اب باری زرداری صاحب کی تھی، پی ڈی ایم عملی طور پرختم ہوگیا۔ فوادچوہدری نے کہا کہ مولانا اور نوازشریف چٹھیاں لکھیں گے کہ خوب گذرے گی جومل بیٹھیں گے دیوانے دو۔ اس سے قبل سی ای سی اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی نے ضمنی الیکشن لڑنے اور سینیٹ الیکشن میں جانے کا فیصلہ کیا، پیپلز پارٹی نے استعفی کے معاملے پر جلد بازی نہ کرنے کا فیصلہ بھی کرلیا۔پیپلزپارٹی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پارلیمان چھوڑ دیں پھر ہمارے بچتا کیا ہے ہم کسی کے کہنے پر اسمبلیوں کا اسٹیک کیوں چھوڑیں ، قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہمارے استعفے دینے سے بھی سینیٹ الیکشن نہیں رُک سکتے۔ پیپلز پارٹی سی ای سی میں اتفاق کیا گیا کہ تمام جماعتوں کو سینیٹ الیکشن لڑنے پر بھی قائل کیا جائے گا، سینیٹ الیکشن میں ہمارے جتنے سینیٹرز رٹائر ہورہے ہیں اتنی نشستیں واپس مل رہے ہیں ، پارلیمانی پارٹیز کو سینیٹ الیکشن میں جانا چاہیے پر پی ڈی ایم کو راضی کیا جائے ۔
