دالبندین ( محمد بخش بلوچ سے ) تھلیسمیا سے متاثرہ خاندان کا سربراہ دلبرداشتہ ہو کر زندگی گنوا بیٹھا ۔ سرکاری حکام اور عوامی نمائندے بشمول مخیر حضرات صرف فوٹو سیشن تک محدود ۔تفصیلات کے مطابق دالبندین بازار میں ریڑھی پر سبزی بیچنے والے داد محمد محمد حسنی جن کے چار بچے تھلیسمیا سے انتقال کر گئے تھے اور 13 سالہ بچی چند ہفتے قبل تھلیسمیا کے سبب موت کے آغوش میں چلی گئی تھی اور پانچواں بچہ بھی تھلیسمیا کے مرض میں مبتلا ہے جبکہ ان کی اہلیہ اور بچوں کی ماں بھی شدید بیمار ہیں غربت اور بیروزگاری کے مارے خاندان پر اس وقت قیامت ٹوٹ پڑی جب تھلیسمیا کے مرض سے 4 بچوں کی موت پر افسردہ خاندان کے سربراہ داد محمد حسنی دلبرداشتہ ہو کر انتقال کر گئے ضلع چاغی میں ویسے تو سوشل میڈیا پر تصاویر دینے والے عوامی نمائندوں ۔سرکاری آفیسران ۔این جی اوز اور مخیر حضرات دیکھنے کو بہت سارے لوگ ملتے ہیں مگر داد محمد جیسے غریب و لاچار شخص کی مالی معاونت اور امداد کے لیے کوئی نہیں ملا ۔ تھلیسمیا سے انتقال کرنے والے چار بچوں کے لاچار والد کو آہوں اور سسکیوں میں مقامی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا فاتحہ خوانی کا سلسلہ محمد حسنی ہاوس داود آباد دالبندین میں جاری ہے
