لاہور :سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے 27 ستمبر سے پہلے سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے حکومت کو اپوزیشن کو سیاسی گنجائش دینے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان کو اسپتال جانے کی اجازت، بشریٰ بی بی کو ریلیف اور اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں مناسب جگہ دی جائے تو لانگ مارچ جیسے حالات سے بچا جا سکتا ہے۔وی نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ پاکستان میں نئے صوبوں کے قیام کی بحث دراصل اختیارات اور وسائل کی نچلی سطح تک منتقلی سے جڑی ہوئی ہے، تاہم موجودہ سیاسی صورتحال میں یہ معاملہ انتظامی اصلاحات کے بجائے شناخت کی بحث میں تبدیل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ اختیارات کی منتقلی کے حوالے سے ملک میں تین تجاویز زیر بحث ہیں، جن میں مشرف دور کے بلدیاتی نظام کو آئینی تحفظ دینا، انتظامی یونٹس قائم کرکے ڈویڑنز کو اختیارات دینا اور نئے صوبے بنانا شامل ہے فواد چوہدری کا اہلیہ کے کاکڑ خاندان سے تعلق کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حبا بنیادی طور پر کاکڑ خاندان سے ہی تعلق رکھتی ہیں، تاہم ان کا تعلق لاہور سے ہے جبکہ ان کا ننھیال کوئٹہ میں ہے انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ نے اپنی زندگی کا بڑا حصہ کوئٹہ میں اپنے ماموں کے پاس گزارا، اسی وجہ سے ان کے بلوچستان سے تعلق کے حوالے سے بات کی جاتی ہے، تاہم بنیادی طور پر اب ان کا تعلق لاہور سے ہے۔فواد چوہدری نے کہاکہ مالی اختیارات کی منتقلی مقامی حکومتوں کے ذریعے ممکن ہے، لیکن سیاسی اور انتظامی اختیارات کی حقیقی منتقلی موجودہ نظام میں مشکل ہے۔ اگر انتظامی افسر کی تعیناتی کا اختیار بدستور وزیراعلیٰ کے پاس رہے تو اسے حقیقی اختیارات کی منتقلی نہیں کہا جا سکتا۔سابق وفاقی وزیر نے کہاکہ نواز شریف اور آصف زرداری دونوں خاندان موجودہ نظام میں بنیادی تبدیلی کے حق میں نہیں، کیونکہ پنجاب اور سندھ کے وسائل پر انہی خاندانوں کا غلبہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کے دونوں بڑے اتحادی صوبوں کے حوالے سے زیر بحث تجاویز پر مکمل طور پر متفق نہیں، جبکہ نظریاتی طور پر تحریک انصاف اس معاملے کی حمایت کر سکتی ہے، لیکن عمران خان جیل میں ہیں اور تحریک انصاف بھی دیگر وجوہات کی بنا پر اس معاملے پر مو¿ثر کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں نہیں۔ فواد چوہدری نے کہاکہ بعض سیاسی جماعتوں نے نئے صوبوں کے معاملے کو شناخت کا مسئلہ بنا دیا ہے، جس کے باعث اصل بحث اختیارات کی منتقلی کے بجائے شناخت کی طرف چلی گئی ہے اور معاملہ مزید پیچیدہ ہو گیا ہے۔






