اسلام آباد:وفاقی دارلحکومت میں اے ٹی ایس پولیس اہلکاروں نے جی ٹین میں گاڑی پر فائرنگ کردی جس کی زد میں آ کر کار سوار طالب علم جاں بحق ہو گیا جبکہ فائرنگ کرنے والے5اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں اے ٹی ایس پولیس اہلکاروں کی جانب سے جی ٹین میں گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں گولیاں لگنے سے گاڑی کا ڈرائیور جاں بحق ہو گیا۔پولیس حکام کےمطابق پولیس کو رات کو کال ملی کہ گاڑی میں سوار ڈاکو شمس کالونی کے علاقہ میں ڈکیتی کی کوشش کررہے ہیں، اے ٹی ایس پولیس کے اہلکار جو علاقہ میں گشت پر تھے انہوں نے مشکوک گاڑی کا تعاقب کیا اور پولیس نے کالے شیشوں والی مشکوک گاڑی کو روکنے کی کوشش کی تو ڈرائیور نے گاڑی نہ روکی جس پر پولیس نے متعدد بار جی ٹین تک گاڑی کا تعاقب کیا اور نہ رکنے پر گاڑی کے ٹائروں میں فائر کئے، بدقسمتی سے دو فائر گاڑی کے ڈرائیور کو لگ گئے جس سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے وقوعہ کا نوٹس لے لیا اور ڈی آئی جی آپریشنز کی زیرنگرانی ایس ایس پی سی ٹی ڈی کی سربراہی میں ایس پی صدر اور ایس پی انوسٹی پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دیں اور پولیس ٹیموں کو وقوعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم بھی دیا۔ ترجمان پمزاسپتال کےمطابق انسداد دہشت گردی فورس کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے کار سوار کی شناخت طالب علم اسامہ ستی سے ہوئی ہے جس کی عمر عمر 21،22 سال ہےاور سیکٹر جی 13 کا رہائشی ہے اور کار سوار کو 22 گولیاں لگی ہیں۔ حکام نے کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کرنے والے پانچ اہلکاروں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور پولیس نے تعاقب میں گاڑی کے ٹائروں پر فائرنگ کا اعتراف کیا تھا تاہم گاڑی پر فائرنگ سامنے سے ونڈ اسکرین پر کی گئی،گاڑی کی تصویر بھی سامنے آگئی ہیں۔






