کوئٹہ:پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر وضلع کوئٹہ کے سیکرٹری شراف آغا کی زیر صدارت ضلع کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال، مرکزی سیکرٹری نواب ایاز جوگیزئی ، صوبائی صدر عبدالقہار ودان، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی آفس سیکرٹری ملک عمر کاکڑ، صوبائی پارلیمانی سیکرٹری حضرت عمر ایڈووکیٹ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز نعمت کاکڑ، بشیر کاکڑ ایڈووکیٹ ، مرکزی کمیٹی کے ارکان سردار بہادر موسیٰ خیل اور ولیم برکت نے شرکت کی ۔ اجلاس کا ایجنڈا ضلع کوئٹہ میں جنو بی پشتونخوا کے عوام اور پشتون قومی جرگہ کے انعقاد کے فیصلوں کی روشنی میں کوئٹہ کے جرگہ کمیٹی کی تشکیل اور آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنا تھا ۔ اجلا س میں کہا گیا کہ کوئٹہ میں جنوبی پشتونخوا کے عوام اور پشتون قوم کے جرگہ میں جنوبی پشتونخوا کے تمام اضلاع میں ضلعی سطح پر جرگہ کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ان ناموں کی فہرستوں ، دعوت ناموں کو مکمل کرکے جلد ضلعی سطح پر جرگہ منعقد ہوگا جس میں سیاسی و سماجی رہنما¶ں، قبائلی عمائدین، دانشوروں، وکلائ، نوجوانوں، خواتین، مزدوروں، کسانوں، تاجروں، صحافیوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے شرکت کرینگے اور جنوبی پشتونخوا اور بالخصوص اپنے ضلع وعلاقوں میں جاری بدامنی ،اغوا برائے تاوان ، لوٹ مار ، قتل وغارت ، قبضہ گیری ، شاہراہوں کی بندش ، امن و امان،زمینوں ، پہاڑوں ،جنگلات کے غیر آئینی وغیر قانونی انتقالات الاٹمنٹس ،تجارت کی بندش، معاشی، سماجی ، قومی صورتحال پر تفصیلی غور و خوض اور تجاویز کی روشنی میں متفقہ طور پر آئندہ کا لائحہ عمل طے کرینگے۔ ضلع کوئٹہ کا جرگہ 17ستمبر کو منعقد کیا جائے گا اور آج سے اس کی تیاری شروع کی جائے گی ۔ اجلا س سے پارٹی رہنماﺅں نے خطاب کرتے ہوئے کوئٹہ میں جنوبی پشتونخو ا کے عوام اور پشتون قومی جرگہ کا کامیاب انعقاد پر تمام عہدیداروں کارکنوں کو داد تحسین پیش کیا ۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں لاکھوں کی آبادی اس وقت بنیادی سہولیات سے محروم ہے ، ایک جانب پینے کا صاف پانی ، تعلیم ، صحت ، روزگار، امن نایاب ہوتا جارہا ہے تودوسری جانب حکومتی رٹ ، سویلین اتھارٹی ختم ہوتی جارہی ہے، تجارتی مراکز، مارکیٹوں ، دکانوں ، بازار پر مختلف اداروں کے غیر قانونی چھاپوں ، تاجروں کے سامان کو مال غنیمت سمجھ کو لوٹا جارہا ہے ۔ ملک میں غیر آئینی صورتحال نے سیاسی عدم استحکام کو مزید بڑھا دیا ۔ جب تک تمام ادارے ملک کے متفقہ آئین پر عملدرآمد نہیں کرینگے ملکی بحرانوں سے نجات ناممکن ہے۔






