کوئٹہ:وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں پر اظہار اطمینان اور فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پاکستان کے امن اور ترقی کے خلاف منظم سازش ہیں، دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔ یہاں جاری کردہ ایک بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ فورسز کے بہادر جوانوں نے دہشت گردوں کا جرات مندی سے مقابلہ کیا، شہداءکی قربانیاں قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خاران اور دالبندین میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں اس بات کا ثبوت ہیں کہ ریاست دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے بلوچستان پاکستان کی جان اور شان ہے، اس کی ترقی اور خوشحالی کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گرد، ان کے سہولت کار اور سرپرست کہیں بھی ہوں، انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا، دہشت گردی کے خلاف جنگ منطقی انجام تک جاری رہے گی۔





