بلوچستان میں نئے ڈویژنز ، اضلاع ، سب ڈویژنز کی از سر نو تشکیل کی منظوری

بلوچستان میں نئے ڈویژنز ، اضلاع ، سب ڈویژنز کی از سر نو تشکیل کی منظوری

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

کوئٹہ:حکومت بلوچستان نے صوبے کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے 4نئے ڈویژنز، 5اضلاع سمیت سب ڈویژنز اور تحصیلوں کے قیام اور پرانے ڈویژنز کی ازسرنو تشکیل کی منظوری دے دی ،صوبے میں ڈویژنز کی مجموعی تعداد 7سے بڑھ کر 11 جبکہ اضلاع کی تعداد 36سے بڑھ کر 41ہو گئی ۔بلوچستان حکومت کے محکمہ ریونیو کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان حکومت نے کابینہ کی منظوری کے بعد بلوچستان لینڈ ریونیو ایکٹ 1967کی شق 5،6، 6-Aکے تحت صوبے میں نئے انتظامی یونٹ جن میں ڈویژن ، اضلاع، سب ڈویژن، تحصیل اور سب تحصیل شامل ہیں قائم اور رد و بدل کردی ہے ۔ نوٹیفیکیشن کے مطابق کوئٹہ کو دو اضلاع میں کوئٹہ ایسٹ اور کوئٹہ ویسٹ میں تقسیم کردیا گیا ہے کوئٹہ ایسٹ میں سب ڈویژن صد ر ،سٹی ،سریاب جبکہ کوئٹہ ویسٹ میں کچلاک ،بروری اور پنجپائی شامل ہیں ۔ اسی طرح کوئٹہ ڈویژن تین اضلاع پر مشتمل ہوگا جس میںضلع مستونگ بھی شامل ہے جو پہلے قلات ڈویژن کا حصہ تھا ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پشین ڈویژن میں ضلع پشین، ضلع برشور ، قلعہ عبداللہ اور چمن شامل ہیں ، خضدار ڈویژن میں ضلع خضدار، ضلع قلات، ضلع سوراب نیا قائم ہونے والا ضلع وڈھ جو کہ وڈھ ،نال ،اورنا چ کے علاقوں پر مشتمل ہے شامل ہیں تاہم سب تحصیل سارونہ کو ضلع وڈھ سے الگ کردیا گیا ہے جسے دو حصوں میں ضلع لسبیلہ اور ضلع حب میں شامل کردیا گیا ہے ۔ حکومت کے نوٹیفکیشن کے مطابق لسبیلہ ڈویژن بھی قائم کردیا گیا ہے جو ضلع لسبیلہ، ضلع حب اور ضلع آوران پر مشتمل ہوگا ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق رخشان ڈویژن میں ضلع چاغی ، ضلع نوشکی ،ضلع خاران اور ضلع واشک شامل ہونگے ۔اسی طرح مکران ڈویژن میں نئے قائم ہونے والے ضلع تمپ کے علاوہ ضلع کیچ، ضلع گوادر ، ضلع پنجگور شامل ہیں ۔کابینہ کے فیصلے کے بعد جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نصیر آباد ڈویژن اب ضلع نصیر آباد ، ضلع جعفر آباد، ضلع جھل مگسی ،ضلع اوستہ محمد ، ضلع صحبت پور پر مشتمل ہوگا ۔ ژوب ڈویژن میںضلع ژوب، ضلع قلعہ سیف اللہ، ضلع شیرانی پر مشتمل ہوگا ۔ حکومت بلوچستان کی جانب سے سبی ڈویژن کا نام اور انتظامی حدود تبدیل کیے گئے ہیں اب ڈویژن کا نام سیوی ڈویژن ہوگا جو ضلع سیوی سابقہ سبی ، ضلع جنوب ڈیرہ بگٹی،ضلع کچھی پر مشتمل ہوگا ۔ اسی طرح لورالائی ڈویژن میں بھی تبدیلیاں کی گئی جو اب ضلع لورالائی ، ضلع دکی ، ضلع زیارت ، ضلع موسیٰ خیل، ضلع ہرنائی پر مشتمل ہوگا ۔کابینہ کی منظوری کے بعد جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق نئے قائم ہونے والے کوہ سلیمان ڈویژن میں ضلع کوہلو، ضلع بارکھان،ضلع شمال ڈیرہ بگٹی شامل ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!