کراچی(کوہ یار نیوز) صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے بلوچستان کے صوبائی وزراءاور قیادت نے بلاول ہاو¿س کراچی میں اہم ملاقات کی، جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود، معاشی استحکام اور بلوچستان کی مجموعی سیاسی و انتظامی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کی پائیدار ترقی کو قومی ترقی کا ناگزیر حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت صوبے کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، ترقیاتی عمل میں تیزی، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت اور مو¿ثر تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام جلد از جلد ان کے ثمرات سے مستفید ہو سکیں۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کا قیام، عوامی خوشحالی اور معاشی سرگرمیوں کا فروغ ایک دوسرے سے جڑے ہوئے عوامل ہیں، لہٰذا تمام متعلقہ وفاقی و صوبائی ادارے باہمی ہم آہنگی اور مربوط حکمت عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ ترقی کے سفر میں حائل رکاوٹوں کو مو¿ثر انداز میں دور کیا جا سکے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود، صحت، تعلیم، بنیادی انفراسٹرکچر، پینے کے صاف پانی، مواصلاتی نظام اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، جبکہ صوبے میں سرمایہ کاری کے فروغ اور معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینے کے لیے بھی تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ملاقات کے دوران بلوچستان کے صوبائی وزراء نے صدرِ مملکت کو اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی، جاری ترقیاتی منصوبوں، عوامی مسائل اور مستقبل کے ترقیاتی اہداف سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بلوچستان کی ترقی اور عوامی خدمت کے لیے وفاقی حکومت کی مسلسل معاونت پر صدرِ مملکت کا شکریہ بھی ادا کیا۔ ملاقات میں صدرِ مملکت کے ترجمان برائے بلوچستان اور پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سینئر نائب صدر میر علی حسن زہری، صوبائی وزیرِ آبپاشی صادق عمرانی، وزیرِ منصوبہ بندی و ترقی ظہور بلیدی، وزیرِ صحت میر بخت کاکڑ، وزیرِ لائیو اسٹاک سردار فیصل جمالی، وزیرِ صنعت و تجارت کویار ڈومکی، وزیرِ محنت غلام رسول عمرانی سمیت دیگر متعلقہ شخصیات بھی شریک تھیں۔






