جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل امیر العظیم انتقال کر گئے

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل امیر العظیم انتقال کر گئے

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل امیر العظیم انتقال کر گئے۔ جماعت اسلامی کے ترجمان نے ان کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور طویل علالت کے بعد خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق سیکریٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیرالعظیم کی نماز جنازہ جمعرات کو جامع مسجد منصورہ میں سوا پانچ بجے ادا کی جائے گی۔ امیر العظیم 1958 میں لاہور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے پنجاب یونیورسٹی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی اور زمانۂ طالب علمی میں طلبہ سیاست میں بھرپور کردار ادا کیا۔ وہ پنجاب یونیورسٹی اسٹوڈنٹس یونین کے منتخب صدر رہے جبکہ اسلامی جمعیت طلبہ کے ناظم اعلیٰ کے فرائض بھی انجام دیے۔ طلبہ یونین کی بحالی کی تحریک کے دوران انہوں نے جنرل ضیاالحق کے دور میں لانگ مارچ میں حصہ لیا، جس کے باعث انہیں قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کرنا پڑیں۔امیر العظیم نے جماعت اسلامی میں مختلف اہم ذمہ داریاں نبھائیں اور طویل عرصے تک مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے طور پر خدمات انجام دیں۔ بعد ازاں 2019 میں سراج الحق اور 2024 میں حافظ نعیم الرحمان نے مرکزی مجلس شوریٰ کی مشاورت سے انہیں جماعت اسلامی پاکستان کا مرکزی سیکریٹری جنرل مقرر کیا۔
حافظ نعیم الرحمان کا امیرالعظیم کے انتقال پر اظہار رنج وغم
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ایک مدبر، باوقار، بااصول اور انتہائی مخلص رہنما سے محروم ہوگئی ہے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی اللہ کے دین کی سربلندی، تحریک اسلامی اور پاکستان کی خدمت کے لیے وقف کیے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ امیرالعظیم نے شدید علالت کے باوجود جس صبر، استقامت اور عزم کا مظاہرہ کیا وہ کارکنان کے لیے ایک روشن مثال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیماری بھی ان کے حوصلے کو متزلزل نہ کر سکی، جبکہ ان کی دیانت، اخلاص، تنظیمی بصیرت اور تحریک سے وابستگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ امیرالعظیم کی رحلت جماعت اسلامی کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے، تاہم ان کی جدوجہد، کردار اور خدمات آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ سے مرحوم کی مغفرت، درجات کی بلندی اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرنے کی دعا کرتے ہوئے اہل خانہ اور جماعت اسلامی کے کارکنان کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔ انہوں نے جماعت اسلامی کے تمام ذمہ داران، کارکنان اور وابستگان سے مرحوم کے لیے خصوصی دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ امیرالعظیم کی دینی، تنظیمی اور قومی خدمات کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے یاد رکھا جائےگا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!