اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے وفاقی وزیر احسن اقبال کے حق میں ہتکِ عزت کا دعویٰ منظور کرلیا۔
ایڈیشنل سیشن جج حاکم خان نے احسن اقبال کے حق میں فیصلہ سنا دیا اور حکم دیا کہ مراد سعید، احسن اقبال کو 25 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کریں۔
فیصلے کے مطابق احسن اقبال کی ساکھ کو نقصان پہنچانے پر مراد سعید کو 25 لاکھ روپے ادا کرنے ہوں گے، مراد سعید کی جانب سے احسن اقبال پر 70 ارب روپے کرپشن کے الزامات ثابت نہیں ہوئے، احسن اقبال پر کرپشن، اختیارات کے ناجائز استعمال اور غیر قانونی کمیشن کے الزامات ہتکِ عزت ہیں۔
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ احسن اقبال نے 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا تھا، 10 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ شواہد کی روشنی میں حد سے زیادہ ہے، مراد سعید کے متنازع بیان سے احسن اقبال کی ساکھ، عزت اور وقار متاثر ہوا ہے، الزامات سے عام شہریوں میں احسن اقبال کے بارے میں منفی تاثر پیدا ہوا۔
عدالتی فیصلے کے مطابق الزامات احسن اقبال کی دیانت، کردار اور ساکھ پر براہِ راست حملہ تھے، مراد سعید نہ تو خود عدالت میں پیش ہوئے نہ کوئی ثبوت پیش کیا۔
خیال رہے کہ مراد سعید نے 2019 میں احسن اقبال پر ملتان سکھر موٹر وے پروجیکٹ میں کرپشن کے الزامات لگائے تھے۔






