امریکا میں سیاہ فام شہری جارج فلوئیڈ کی پولیس کی تحویل میں ہلاکت کے خلاف مظاہروں کا دائرہ وسیع ترہوتا جا رہا ہے دوسری طرف یورپی یونین نے بھی جارج کی ہلاکت کو ‘طاقت کا بے جا استعمال’ قرار دیا ہے۔ امریکی حکام نے مظاہرین پر قابو پانے اور لوٹ مار روکنے کے لیے تقریباً 40 شہروں میں کرفیو نافذ کردیا ہے لیکن اس کے باوجود احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ جارج فلوئیڈ کے قتل کے خلاف احتجاج اور انصاف کے لیے وائٹ ہاؤس کے باہر اور نیویارک سمیت بیشتر بڑے شہروں میں مظاہرے ہورہے ہیں۔وائٹ ہاؤس کے باہر مظاہرین کی ایک بڑی بھیڑ نے صدر ٹرمپ کے خلاف جم کر نعرے بازی کی اور گھنٹوں تک مظاہرہ چلتا رہا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر حکام نے واشنگٹن میں بھی سخت کرفیو کا اعلان کیا تاہم اس کا کوئی خاص اثر نہیں دکھا ئی دیا اور کرفیو کے باوجود مظاہرین کی ایک بڑی تعداد وہیں ڈٹی رہی۔ادھر نیویارک میں بھی رات کا کرفیو آئندہ اتوار تک بڑھا دیا گیا ہے اور انتظامیہ نئے احتجاجی مظاہروں کو کنٹرول کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ نیو یارک میں رات کو کرفیو نافذ کیا گیا جس کے بعد کچھ مظاہرین تو رات کو گھر چلے گئے تاہم ایک بڑی تعداد اس کے باوجود سڑکوں پر ہی جمی رہی۔اٹلانٹا، شکاگو اور لاس انجیلس جیسے شہروں میں بھی مظاہرین کی بڑی تعداد کو دیکھتے ہوئے کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق اٹلانٹا میں نیشنل گارڈز کو تعینات کر دیا گیا ہے اور انہیں کرفیو کے بعد مظاہرین کو منشتر کرتے دیکھا گیا۔ وائٹ ہاؤس کے باہر بھی مظاہرین پر نظر رکھنے کے لیے نیشنل گارڈز کو تعینات کیا گیا ہے۔ بعض سکیورٹی ماہرین نے مظاہرین پر قابو پانے کے لیے نیشنل گارڈز کی تعیناتی کے لیے انتظامیہ پر سخت تنقید کی ہے۔ امریکا میں پولیس کی زیادتیوں اور جارج فلوئیڈ کے ساتھ جو کچھ بھی ہوا اس کے خلاف غم و غصے کی لہر اب عالمی سطح پر پھیلتی جا رہی ہے۔ پیرس، برلن اور کوپن ہیگن سمیت یورپ کے مختلف شہروں میں اس کے خلاف مظاہرے ہوئے ہیں۔ نیوزی لینڈ اور آسٹرلیا میں بھی نسل پرستی اور پولیس کے امتیازی سلوک کے خلاف لوگوں نے احتجاج کیا ہے۔ یورپی یونین میں خارجی امور کے سربراہ بوریل کا کہنا ہے کہ یونین جارج فلوئیڈ کی موت سے صدمے میں ہے۔ انہوں نے اس قتل کو طاقت کا بے جا استعمال بتاتے ہوئے کہا، ”تمام معاشروں کو طاقت کے ضرورت سے زیادہ اور بے جا استعمال پر نظر رکھنے کی ضرورت ہے۔” انہوں نے کہا کہ یونین پر امن مظاہروں کی حمایت میں ہے اور نسل پرستی اور تشدد کے خلاف ہے۔ ادھر پینٹا گون کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس نے 1600 فوجیوں کو واشنگٹن کے ایک فوجی اڈے پر روانہ کیا ہے۔ تاہم حکام کا کہنا ہے کہ یہ قدم موجودہ صورت حال کے پیش نظر سول حکام کی مدد کے لیے احتیاطی منصوبے کے طور پر اٹھا یا گیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع مارک ایسپر کے احکامات کے بعد فوجیوں کی ٹکڑیاں روانہ کی گئی ہیں
