بھارت کی کسی بھی فوجی مہم جوئی کے ناقابل تلافی نتائج برآمد ہوں گے، پاک فوج

بھارت کی کسی بھی فوجی مہم جوئی کے ناقابل تلافی نتائج برآمد ہوں گے، پاک فوج

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز(آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے خبردار کیا ہے کہ بھارت آگ سے کھیلنے کی کوشش نہ کرے اور پڑوسی ملک کی کسی بھی قسم کی فوجی مہم جوئی کے ناقابل تلافی نتائج برآمد ہوں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آئی ایس پی آر کے ترجمان بابر افتخار نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر پچھلے کچھ عرصے سے صورتحال بہت تشویشناک ہے، صرف اس سال بھارت کی جانب سے ایک ہزار 229 مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی جا چکی ہے، 7 شہری شہید ہو چکے ہیں اور 90 سے زائد شہری زخمی ہوئے۔ان کا کہنا تھا کہ کئی مرتبہ بھارت کے کواڈ کاپٹرز نے ہماری حدود کی خلاف ورزی بھی کی ہے اور حال ہی میں ہم نے ان کے کواڈ کاپٹرز مار گرائے۔انہوں نے کہا کہ ان تمام چیزوں کے باوجود بھارتی سینئر فوجی قیادت بار بار مبینہ لانچ پیڈز سے دراندازی کی بات کرتی ہے جو ان کی اپنی فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیت پر بھی سوالیہ نشان ہے کیونکہ لائن آف کنٹرول پر اتنی بڑی تعداد میں فوج اور دفاعی اقدامات کے باوجود کوئی کیسے دنیا کے سب سے زیادہ فوجی آبادی والے علاقے میں دراندازی کر رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے ترجمان نے کہا کہ حالیہ دنوں میں ہی بھارت نے شہری آبادی میں آرٹلری کی تنصیب کی ہے تاکہ اگر بھارتی کارروائی کا پاکستان کوئی جواب دے تو اس کا نقصان بھی شہری آبادی کو پہنچے اور اس کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں شہریوں کو نشانہ بنانا ہے۔بابر افتخار نے کہا کہ ان حالات میں پاک فوج بہت بہتر طریقے سے صورتحال کا جواب دے رہی ہے اور انہیں لائن آف کنٹرول پر منہ توڑ جواب دیا جاتا ہے جبکہ ہماری پوری کوشش ہوتی ہے کہ لائن آف کنٹرول کے اس پار موجود شہری آبادی کو کسی بھی طور کوئی نقصان نہ پہنچے۔ان کا کہنا تھا کہ پورے کشمیر میں مظلوم کشمیری بلا تفریق بھارتی جارحیت کا نشانہ بن رہے ہیں جن میں خواتین اور معصوم بچے بھی شامل ہیں حتیٰ کہ بھارتی سیکیورٹی فورسز نے 7سال کے معصوم بچوں تک کو معاف نہیں کیا۔پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ عوامی ردعمل کے خوف کا یہ عالم ہے کہ بھارتی فوج احتجاج کو دبانے کے لیے بھارتی نوجوانوں کو شہید کر کے ان کی لاشیں بھی ورثا کے حوالے نہیں کر رہی۔اس موقع پر نے بھارت کی جانب سے عائد کیے جا رہے عجیب و غریب الزامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کورونا شروع ہوا تو بھارت نے کورونا کے متاثرہ دہشت گرد بھارت بھیجے ہیں اور ان کو لائن آف کنٹرول کے پار بھیجا گیا ہے اور اس طرح مقبوضہ کشمیر میں کورونا پھیلا ہے۔میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ حال ہی میں ان کا سب سے بڑا ڈرامہ تھا جس کو انہوں نے پلوامہ ٹو کا نام دیا ہے، اس ڈرامے میں رات میں انہوں نے ایک گاڑی پکڑی ، اس پر فائر کیا جس میں ان کے بقول بارودی مواد بھی تھا اور جب فائر کیا تو اس گاڑی میں سوار بندہ پیدل وہاں سے فرار ہوگیا، ساری رات اس گاڑی کو رکھا گیا اور اگلے دن پوری میڈیا کوریج کے ساتھ اس گاڑی کو تباہ کیا گیا تاکہ کسی قسم کا ثبوت نہ مل سکے اور یہ ساری کارروائیاں کر کے اسٹیج سیٹ کیا جا رہاہے جس کے بارے میں ہمارے وزیر اعظم بھی کئی مرتبہ بات کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے وزیر اعظم اور آرمی چیف دونوں ہی کہہ چکے ہیں کہ بھارت میں جھوٹے آپریشن کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔
پاک فوج کے ترجمان نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو کئی محاذوں پر شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے، لائن آف کنٹرول پر چین وار بھارت کے درمیان صورتحال میں انہیں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا اور اب وہ اس پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!