پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی آسٹریا کے آخری شہنشاہ کی پڑپوتی سے شادی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔ ان قیاس آرائیوں کو اس وقت مزید تقویت ملی جب صدرِ مملکت آصف علی زرداری 7 روزہ نجی دورے پر آسٹریا پہنچےہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر گردش کرنے والی ان خبروں کی اگرچہ اس اعلیٰ سطح کی شادی کی تاحال باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی ہے، لیکن پارٹی کارکنان حتمی خوشخبری کے منتظر ہیں۔
رپورٹس کے مطابق، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ ہائی پروفائل شادی آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں انجام پائے گی۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بلاول بھٹو مبینہ طور پر سابقہ آسٹرین آرک ڈچز ‘گلوریا وان ہیبسبرگ’ سے رشتہِ ازدواج میں منسلک ہونے جا رہے ہیں۔
گلوریا آسٹریا کے آخری حکمران شہنشاہ ‘چارلس اول’ کی پڑپوتی ہیں۔ اگر یہ بات سچ ثابت ہوتی ہے تو توقع کی جا رہی ہے کہ اس شاہانہ تقریب میں دنیا بھر سے معروف سماجی شخصیات اور نامور سیاسی رہنما شرکت کریں گے۔
ان خبروں میں اس وقت مزید تیزی آئی جب صدرِ پاکستان آصف علی زرداری ایک نجی دورے پر آسٹریا پہنچے۔ ذرائع کے مطابق ان کا یہ دورہ 7 روز پر محیط ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا پر بلاول بھٹو زرداری کی ایک ویڈیو بھی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جو تقریباً 2 ماہ پرانی بتائی جاتی ہے، جس میں انہیں آسٹریا کی سڑکوں پر چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
صدرِ مملکت کی وہاں موجودگی اور بلاول بھٹو کی اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد شادی کی افواہوں نے مزید زور پکڑ لیا ہے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی شادی طویل عرصے سے پاکستانی سیاست، میڈیا اور عوام میں گہری دلچسپی کا موضوع رہی ہے۔ ماضی میں بھی ان کی شادی کے حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں کی جاتی رہی ہیں، لیکن اس بار ویانا کے تناظر میں آنے والی خبروں نے ایک نیا رنگ اختیار کر لیا ہے۔ اگرچہ بھٹو خاندان یا پارٹی کی جانب سے ان موجودہ خبروں کی ابھی تک کوئی باضابطہ تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے، تاہم پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان اپنے نوجوان چیئرمین کی زندگی کے اس نئے سفر کے حوالے سے انتہائی پُرجوش ہیں اور باقاعدہ اعلان سننے کے لیے بے چین ہیں۔






