کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) بلوچستان حکومت کی لاک ڈاون میں نرمی کے بعد کوئٹہ میں کاروباری سرگرمیوں میں تیزی آ گئی، بازاروں کی گہما گہمی ،سڑکوں پر ٹریفک کا بہاﺅ بڑھنے سے مقامی سطح پر کورونا کے کسیز میں بھی ریکارڈ اضافہ ہونے لگا ۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت نے صوبے میں سمارٹ لاک ڈاﺅن کے تحت مارکیٹیںاور دکانیں صبح 9 سے شام 7 بجے تک کھلے رکھنے کی اجازت دی ہے کاروباری سرگرمیاں بحال ہونے سے بازاروں کی گہما گہمی میں اضافہ ہوا ہے ، تاہم حکومت کی ہدایا ت کے باجودلوگوں کی اکثریت ماسک ، گلوز پہنے بغیر شہر میں گھومتے پھرتے اور بازاروں میں خریداری کرتے دیکھائی دیتے ہیں ،جبکہ کچھ ماسک پہننے کی پابندی پر عمل کررہے ہیں ۔ کوئٹہ میں تجارتی سرگرمیاں اور سماجی رابطے بحال ہونے سے سڑکوں پر ٹریفک کا بہاﺅ میں بھی اضافہ ہوا ہے جس سے اکثر اوقات شہر کی اہم شاہراﺅں پر ٹریفک جام ہونے لگا ہے ۔ محکمہ صحت کے مطابق لاک ڈاون میں نرمی سے کرونا وائرس کے مقامی سطح پر پھلاﺅ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے صوبے کے مختلف اضلاع سے ریکارڈ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔
