کوئٹہ( اسٹاف رپورٹر) مختلف سیاسی جماعتوں ، طلباءوسماجی تنظیموں کے رہنماﺅں نے تربت کے علاقے ڈھنک میں خاتون کے قتل اور بچی کو زخمی کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سانحہ بلوچ روایات کے منافی ہے گھناﺅنے فعل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ،معصوم بچی برمش کو انصاف ملنے تک پرامن احتجاجی مظاہرﺅں کاسلسلہ جاری رہیگا ۔ ان خیالات کا اظہار جمعرات کے روز برمش یکجہتی کمیٹی شال کے زیر اہتمام کوئٹہ پریس کلب کے سامنے ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے ڈاکٹر حکیم بلوچ، ماما قدیر بلوچ،حوران بلوچ، بی ایس او کے مرکزی سیکرٹری جنرل منیر جالب بلوچ، بی این پی کے مرکزی ہیومن رائٹس سیکرٹری موسیٰ بلوچ، حمیدہ نور، نیشنل پارٹی کے غفار قمبرانی، مارنگ بلوچ،شمائیلہ اسماعیل، بلوچ طلباءایکشن کمیٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر صبحیہ بلوچ، بی بی گل بلوچ، کریم برات ، بلغ شیر ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں سانحہ ڈنک کیخلاف سیاسی جماعتوں ، طلباءوسماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ریلی کے شرکاءنے واقعہ کیخلاف بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے نعرے بازی کی ۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے رہنماﺅں نے تربت کے علاقے ڈنک میں مسلح ملزمان نے ڈکیتی کی گھناﺅنی واردات کے دوران گھر میں موجود خاتون ملنگ ناز کو قتل اور اسکی معصوم بچی برمش کو زخمی کرنے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعہ بلوچستان کے ہر گھر اور گدان پر حملہ ہے برمش کے سر سے اس کی ماں کا سایہ چھننے والے ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے پشت پر موجود عناصر کو بے نقاب کیا جائے تاریخ ایسے لوگوںکو کھبی معاف نہیں کریگی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے طول وعرض میں جاری مظالم کیخلاف سیاسی جماعتوں ،، طلباءوسماجی تنظیموںاور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو مظلوم عوام کی آواز میں آواز ملاکر ظلم کیخلاف آواز بلند کرنی چاہیے ۔ رہنماﺅں نے کہا کہ ملنگ ناز کا قتل اور معصوم برمش کے زخمی ہونے کا واقعہ اگر پہلی مرتبہ پیش آتا تو یقینا ہم اسے حادثے سے تعبیر کرتے مگر ایسے واقعات اور سانحات روز کا معمول بن چکے ہیں لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں ،جرائم پیشہ عناصر اور منشیات فروشوں کیخلاف آواز بلند کرنے پرنوشکی میں سمیع مینگل کوقتل کیا گیا، خواتین کی گرفتاری ،سانحہ توتک ، بلوچستان یونیورسٹی اسکینڈل سمیت نہ جانے ایسے کتنے واقعات ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا ہے۔ تاریخ گواہ ہے قومیں قربانیوں سے مٹتی نہیں تاریخ رقم کرتی ہیں ۔ رہنماﺅں نے مطالبہ کیا کہ گھناﺅنے فعل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے ،معصوم بچی برمش کو انصاف ملنے تک پرامن احتجاجی مظاہرﺅں سلسلہ جاری رہیگا۔






