لاہور:چین نے سابق وزیراعلی پنجاب شہبازشریف کو ایک بار پھرعلاج کی پیشکش کردی۔چینی قونصل جنرل لانگ دینگ بن نے سابق وزیر اعلی پنجاب ومسلم لیگ ن کے رہنما کو خط لکھا جس میں کہا کہ کورونا سے آپ کے متاثر ہونے کی اطلاع پر بے حد دکھ ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے طور پر آپ نے چین پاکستان کی دوستی بڑھانے میں کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ سی پیک کی تعمیر کے لئے آپ کی غیرمعمولی کارکردگی ہمیں بہت اچھی طرح سے یاد ہے۔چینی قونصل جنرل نے کہا کہ اورنج لائن، کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والا ساہیوال کا منصوبہ آپ کی غیرمعمولی کاوش کا مظہر ہے، آپ کو ہر طرح کی معاونت کی فراہمی کی پیشکش کرتے ہیں۔قونصل جنرل کا مزید کہنا تھا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے تک چین پاکستان کی ہر طرح کی مدد کیلئے تیار ہے۔یاد رہے کہ اس سے قبل اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے چین کی پیشکش پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا تھا کہ آپ کی پیشکش چین کی پاکستانی عوام کے ساتھ محبت کا مظہر ہے۔






