ماشکیل(نصیر کبدانی سے) بلوچستان کے سیاسی وقبائلی معتبرین ارکان صوبائی اسمبلی نے کہا ہے کہ قبائلی نظام میں تمام معاملات کا حل موجود ہے ، آپسی رشتوں اور تعلقات کو برقرار رکھنے کیلئے قبائلی تنازعات کا خاتمہ کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہارنوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی، اراکان اسمبلی ملک نصیر شاہوانی، ثناءبلوچ، حاجی زابد ریکی ودیگر نے گزشتہ روز ریکی اورشاہوانی قبائل کے درمیان جاری خونی تنازعہ کے تصفیہ کے موقع خطاب کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں شاہوانی قبیلہ کی جانب سے کاشف شاہوانی کی سربراہی ملک نورجان شاہوانی،حاجی گل شاہوانی،ملک نصیر شاہوانی ودیگربلوچی میڑھ لیکر ریکی ہاوس پہنچے جہاں پر میربہروزریکی،میرزابدریکی،میرمحمدعارف ریکی،میرشہروزریکی،میراحسان الہی ریکی۔جیندخان ریکی ودیگر بلوچی روایات کے مطابق میڑھ کو قبول کرکے انہیں عزت بخشی اورتنازعے کاتصفیہ کیا اس موقع پر دونوں فریقین میرمحمدعارف ریکی،کاشف شاہوانی ودیگرنے اختلافات بھلاباہم شیر وشکرہوگئے،اس موقع پرنوابزادہ حاجی میرلشکری خان رئیسانی،رکن صوبائی اسمبلی ثناءبلوچ، میرگوہرخان ساتکزئی ودیگربھی موجودتھے۔تنازعہ کے تصفیہ کے موقع پر شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ قبائلی نظام میں تمام معاملات کا حل موجود ہے اورتنازعات کے خاتمے کیلئے بلوچی میڑھ انتہائی اہمیت کاحامل ہے ، قبائلی جرگے فریقین کے اختلافات کو ختم کرانے میں کرداراداکرکے تعلقات اوررشتوں کو قائم رکھتے ہیں،ریکی اورشاہوانی قبائل نے آپستی تنازعہ حل کرکے ایک اچھی مثال قائم کی ہے۔اس موقع پر رکن اسمبلی حاجی زابد ریکی نے کہا کہ بلوچی روایات کے مطابق شاہوانی قبیلہ کے میڑھ کوقبول کرتے ہیں آج کے بعد ہمارے درمیان کوئی تنازعہ نہیں ہوگا۔بعدازاں میڑھ کے شرکاءکے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ دیا گیا.
