کوئٹہ:متحدہ لوکل بس ایسوسی ایشن نے 22 جولائی کو احتجاج سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چند نام نہاد و مفاد پرست عناصر لوکل بس ایسوسی ایشن کا نام استعمال کرکے سیکرٹری آر ٹی اے کو بلیک میل اور ذاتی مفادات کی تکمیل چاہتے ہیں، ہمارا کسی احتجاج سے کوئی تعلق نہیں، سیکرٹری آر ٹی اے ایک ایماندار و فرض شناس آفیسر ہیں جنہوں نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ اس بات کا اعلان متحدہ لوکل بس ایسوسی ایشن کا حاجی محمد اسحاق بازئی کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا ۔اجلاس میں چیئرمین محمد حنیف شاہوانی، سرپرست اعلی اختر جان کاکڑ، سینئر نائب صدر محمد انور بنگلزئی، نائب صدر ملک ضمیر شاہوانی، سیکرٹری اطلاعات بلند خان شاہوانی، عالم خان کاکڑ، آفس سیکرٹری کلا خان سمیت دیگر ٹرانسپورٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری شیر احمد بلوچ نے کہا کہ لوکل بس ایسوسی ایشن واحد تنظیم ہے جو یہاں کے لوکل ٹرانسپورٹ کی نمائندگی کررہا ہے اس کے علاہ کوئی دوسرا تنظیم نہیں انہوں نے کہا کہ چند روز قبل چند نام نہاد لوگوں نے لوکل بس ایسوسی ایشن کے تنظیم کا نام استعمال کرکے ذاتی مفادات کے حصول اور فرض شناس سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے خلاف بینرز و دیگر ذرائع سے بے بنیاد پروپیگنڈہ شروع کیا ہے اور ہڑتال اور احتجاج کی دھمکیاں دے رہا ہے یہ نام نہاد ٹولہ آفیسرز کو بلیک میل کر کے صرف اور صرف اپنے مفادات کی تکمیل چاہتے ہیں سیکرٹری آر ٹی اے مہران بلوچ ایک ایماندار اور فرض شناس آفیسر ہیں جنہوں نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی، ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ لوکل بس ایسوسی ایشن کی جانب سے 22 تاریخ کو نہ کسی قسم کے احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے اور نہ ہی ہمارا کسی احتجاج و ہڑتال سے تعلق ہیں۔






