ماشکیل:(نصیر کبدانی سے)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء حاجی زاہد بلوچ نے سینیٹ سے بلوچستان اسمبلی کی نشستیں بڑھانے کے بل کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلوچستان اسمبلی کی نشستوں میں اضافے سے بلوچستان کے اجتماعی مسائل کے حل اور عوامی نمائندگی میں اضافہ ہوگا، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، حاجی زائد بلوچ نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑا صوبہ ہے صوبائی اسمبلی کے اس وقت 51 حلقے ہیں جو کہ صوبے کی جغرافیا کو مدنظر رکھتے ہوئے ناکافی ہیں ایسی صورتحال میں بلوچستان کے بہت سے علاقوں کے ترقیاتی مسائل بھی حل نہیں ہو پاتے اور ان علاقوں کے عوام کو ایوان میں نمائندگی نہیں ملتی لیکن سینیٹ سے بلوچستان اسمبلی کی نشستوں کو 65 سے بڑھا کر 80 کرنے کے قانون کی منظوری کے بعد صوبائی اسمبلی میں بلوچستان کی عوام کو اب مزید بہتر نمائندگی ملے گی انہوں نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی نشستیں بڑھانے سے صوبے کے ترقیاتی عمل میں مزید بہتری اور تیزی آئی گی۔
