حکومت سندھ نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات میں ایک دن کا اضافہ کردیا۔ وزارت افراد قوت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق تمام سرکاری اداروں میں 3 اگست کو بھی چھٹی ہوگی۔ اس سے قبل محکمہ خدمات، عمومی انتظامیہ و روابط کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا تھا کہ سندھ میں عیدالاضحیٰ کی تعطیلات 31 جولائی سے 2 اگست تک ہوں گی۔ یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے بھی 31 جولائی سے 2 اگست تک عیدالاضحیٰ کی تین روز کی تعطیلات کا اعلان کیا تھا۔ 21 جولائی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے ذی الحج کا چاند نظر نہ آنے اور عید الاضحی یکم اگست بروز ہفتہ منانے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد وزارت مذہبی امور کی جانب سے بھی ملک بھر میں عیدالاضحیٰ یکم اگست کو منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ قبل ازیں جولائی کے اوائل میں وزیر اعظم عمران خان نے قوم سے عیدالاضحیٰ سادگی اور احتیاطی تدابیر کے ساتھ منانے کی درخواست کی تھی تاکہ ملک میں کم ہوتے کورونا وائرس کے کیسز میں دوبارہ اضافہ نہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ‘جب عوام کی بڑی تعداد ایک جگہ جمع ہوتی ہے تو وائرس تیزی سے پھیلتا ہے جبکہ مئی میں عیدالفطر کے موقع پر لاپرواہی کی وجہ سے ملک میں وبا کے کیسز میں اضافہ ہوا تھا’۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا تھا کہ اگر ہم نے بڑی عید پر لاپرواہی کی تو خطرہ ہے کہ وائرس ایک مرتبہ پھر یکدم پھیل جائے گا اور ہسپتالوں پر دوبارہ دباؤ آئے گا اس لیے میری اپیل ہے کہ عید سادگی سے منائی جائے۔






