کوئٹہ :وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے سانحہ سول ہسپتال کے شہیدووکلا کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سانحہ سول ہسپتال کے شہدا کا غم آج بھی ہمارے دلوں میں تازہ ہے، بزدل دہشت گردوں نے ہمارے معاشرے کے پڑھے لکھے اور باشعور طبقے کو بربریت کا نشانہ بناتے ہوئے ہمارے دلوں پر وار کیا، انہوں نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام اور حکومت شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور یہ امر باعث اطمینان ہے کہ سانحہ میں ملوث دہشت گردوں اور ان کے سرپرستوں کو کیفرکردار تک پہنچایا گیا ہے، وزیراعلی نے کہا کہ سانحہ میں ہم سے بچھڑنے والے شہید وکلا کی یادوں کو یقینا کبھی بھلایا نہیں جاسکتا، حکومت نے شہدا کے لواحقین کی معاونت اور زخمی وکلا کے علاج معالجہ میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی، وزیراعلی نے کہا کہ بلوچستان کے وکلا کا شمار ملک کے بہترین وکلا میں ہوتا ہے جو شعبہ قانون اور قانونی امور سے متعلق بہتر آگاہی اور ادراک رکھتے ہیں، سانحہ کی صورت میں اس اہم شعبے میں پیدا ہونے والے خلا کو پر کرنے کے لئے نوجوان وکلا کو اسکالرشپ پر بیرون ممالک اعلی تعلیم کی فراہمی کا پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جس پر عملدرآمد کے مطلوبہ نتائج برآمد ہوں گے، وزیراعلی نے کہا کہ صوبے میں دیرپا بنیادوں پرامن کے قیام کے لئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں، کیونکہ ایک فلاحی معاشرے کے قیام کے لئے امن ناگزیر ہے جس سے معاشرے کے تمام طبقات بلاکسی خوف وخطر اپنے اپنے شعبوں میں اپنا مثبت اور تعمیری کردار ادا کر سکیں گے۔






