ایل او سی پر بھارتی فائرنگ خطے کے استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث بن رہی ہے،قریشی

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی)میں بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کو خطے کے استحکام کو نقصان پہنچانے کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی قوتیں بھی ہیں جو پاکستان کو کسی صورت مستحکم دیکھنا نہیں چاہتیں۔دفترخارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بیان میں کہا کہ ایسی قوتیں موجود ہیں جو پاکستان کو مستحکم دیکھنا نہیں چاہتیں اور مختلف طریقوں سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے سرگرم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کبھی یہ لوگ بھجوا کر دراندازی کرتے ہیں جس کی مثال کلبھوشن کا کیس ہے وہ جس طرح گرفتار ہوا وہ بھی پوری قوم کے علم میں ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کبھی یہ قوتیں فرقہ واریت کو ہوا دیتی ہیں کبھی دہشت گردی کی آڑ لیتی ہیں۔بھارت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ عناصر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین کرفیو سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول ( ایل او سی)کی خلاف ورزیاں کرتے ہیں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کو متعدد بار آگاہ کر چکا ہے کہ بھارت جھوٹے فلیگ آپریشنز کے لیے کسی بہانے کی تلاش میں ہے، عالمی برادری کو ان حالات کا نوٹس لینا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جب دنیا پاکستان سے تقاضا کرتی ہے کہ ہم خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کریں تو ہم افغان امن عمل میں، خلوص نیت کے ساتھ اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتے ہیں، جس کو سراہا بھی جا رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری خواہش ہے کہ افغانستان میں دیرپا امن قائم ہو، ہم چاہتے ہیں کہ بین الافغان مذاکرات آگے بڑھیں اور ہم اس کی پوری حمایت کر رہے ہیں۔دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنے قبائلی علاقوں کو جس طرح دہشت گردوں سے پاک کیا ہے اسے دنیا جانتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اندرونی محاذ پر جو اقدامات کیے ہیں اس کی نظیر نہیں ملتی۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عالمی برادری کو خطے میں عدم استحکام کے لیے متحرک عناصر کے عزائم کا نوٹس لینا ہو گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!