کوئٹہ:امیرجماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ عید الفطر کی نماز کیلئے مساجد میں بڑے اجتماعات پر سے پابندی فوری اٹھائی جائے۔ حکمرانوںکی طرف سے ایس او پیز کے معاملے میں صرف مساجد کو ٹارگٹ کرنا افسوسناک ہے۔جب دفاتر، فیکٹریوں، کارخانوں، شاپنگ مالز، بازاروں، مارکیٹوں اور دکانوں پر کوئی پابندی نہیں تو عید کی نماز کے اجتماعات پر پابندی قابل مذمت ہے۔عید کے بعد تعلیمی ادارے بھی کھول دیے جائیں انہوں نے کہا کہ حکومت ریاست مدینہ کے دعوے کرتی ہے مگر عملااس کے خلاف اقدامات کرتی چلی آرہی ہے کیا سڑکوں پر ٹریفک، بازاروں میں ہجوم، مارکیٹوں میں اژدہام کسی کونظر نہیں آرہا؟ کیا یہ وہ مقامات نہیں ہیں جہاں سے کورونا تیزی سے پھیل سکتا ہے؟ پھر کیوں صرف اور صرف مساجد کو نشانہ بنایا جارہا ہے؟ علماءاور مساجد انتظامیہ کو کیوں دھمکایا جارہا ہے کہ اگر بیس نکات پر عمل نہیں ہوا تو مساجد سیل کردی جائیں گی افسوس ناک بات یہ ہے کہ ان بازاروں کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے باجود کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی۔ یہ تمام حقائق سامنے ہونے کے باجود انتظامیہ مساجد اور علماءکوبدنام کرنے پر تلی ہوئی ہے حالانکہ بازار، مارکیٹیں اور انڈسٹریز سمیت تقریباًپورا ملک کھول دیا گیا ہے کیا اس سے کوئی نقصان نہیں ہوگا؟ نقصان کو صرف مساجد کے کھولنے کے ساتھ کیوں جوڑا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ایسے اقدامات ایک سوچی سمجھی سازش اور بین الاقوامی ایجنڈے کے تحت کررہی ہے اور جان بوجھ لوگوں کو اجتماعی عبادات اور مساجد سے دور رکھا جارہا ہے۔ جماعت اسلامی نے کورونا اور لاک ڈاون کے دوران الخدمت فاونڈیشن کے ذریعہ تقریباً دو ارب سے زائد رقم ، راشن و دیگر اشیاءکی مد میں ملک بھر کے یتیموں ، غریبوں اور لاک ڈاون سے متاثر ہ افراد میں تقسیم کی ہے انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حکومت پولیس کو مساجد ، مدارس اور درگاہوں سمیت دیگر مقدس مقامات کے معاملات سے دور رکھے ۔ جمعتہ الوادع اور عید الفطر کے دن لوگوں کو محدود کیا جائے اور نہ ان کو ہراساں کیا جائے بلکہ عوام الناس کو مساجد اور کھلے مقامات پر عبادت و دعا کا زیادہ سے زیادہ موقع دیا جائے ۔ ملک و قوم کسی فرقہ پرستی اور مذہبی انتشار کے متحمل نہیں ہو سکتے اس لیے حکومت انصاف کے تقاضے پورے کرتے ہوئے عید الفطر کی نماز کی اجازت دے تاکہ اللہ کے حضور اجتماعی توبہ اور کورونا وبا سے نجات کیلئے اجتماعی دعائیں کی جاسکیں۔
