کوئٹہ پاکستان تحریک انصاف کے رکن بلوچستان اسمبلی مبین خان نے وائس آف پاکستانکو بتایا ہے کہ کیسکو کی جانب سے ٹیوب ویلز کی بجلی منقطع کرنے کے باعث شہر میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے اس حوالے سے انہوں نے صوبائی وزیر پی ایچ ای نور محمد دمڑ سے ملاقات کی جنہوں نے بتایا کہ ایم ڈی واسا کورونا ہونے کے باعث دفتر نہیں آ رہے اور وہ بعض کاغذات پر دستخط نہیں کر سکے تھے جس کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ۔ مبین خان نے کہا کہ انہوں نے پانی کی قلت کے حوالے سے وزیر اعلی جام کمال خان سے رابطہ کیا جنہوں نے پرنسپل سیکرٹری کو ہدایات جاری کی کہ وہ مسئلے کے حل کیلئے ذاتی دلچسپی لیں جبکہ کیسکو چیف سے بھی میرا رابطہ ہوا ہے اور امید ہے کہ جلد ہی بجلی بحال ہو جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ کیسکو کو بھی شدید گرمی میں بجلی منقطع نہیں کرنی چاہئے تھی بلکہ آفیشل طور پر خط و کتابت کے ذریعے نشاندہی کرنی چاہئے تھی کیونکہ ٹیوب ویلز کی بجلی منقطع ہونے سے گزشتہ دو ہفتے سے شہر کربلا بنا ہوا ہے اور لوگ بوند بوند کو ترس رہے ہیں جبکہ موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ٹینکر مافیا متحرک ہو گیا ہے اور لوگوں کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔
