کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ بلوچستان کی محرومی کی ایک اہم وجہ نا مناسب اور ناکافی ترقیاتی سرمایہ کاری ہے میں اور وزیراعظم عمران خان کے پر امید ہیں کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں ساتھ ملکر اس محرومی کو پر کرنے کا سلسلہ شروع ہوگا ، یہ بات انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہی، وزیراعلیٰ جام کمال خان نے کہا کہ بلوچستان کی پسماندگی اور محرومی کی ایک اہم وجہ یہاں ناکافی اورنامناسب ترقیاتی سرمایہ کاری ہے ، صوبے میں ماضی میں ترقیاتی اسکیمات پر توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے آج صوبے کا بڑا حصہ غیر ترقی یافتہ ہے انہوں نے کہا کہ میں اور وزیراعظم عمران خان پرامید ہیں کہ ہم وفاقی بجٹ میں بلوچستان کو ترجیح دیکر اس محرومی کو پر کرنے کا آغاز کریں گے دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی اقتصادی کونسل کے منعقدہ اجلاس میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی، وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے اجلاس میں بلوچستان کے منصو بوں کے حوالے سے سخت اور واضع موقف پیش کیا گیا، وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ وفاقی سطح پر بلوچستان کے ترقیاتی معاملات کو آسان نہ لیاجائے، وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی منصوبوں میں بلوچستان پہلے ہی سے نظر انداز رہا ہے لہذا صوبائی حکومت کی جانب سے جو جو منصوبے تجویز کئے گئے ہیں ان سب کی یااکثریت کی منظوری اہم ہے۔
