اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سینیٹ کے قواعد و ضوابط کے مطابق ضلع گوادر، بلوچستان سے متعلق معاملہ قائمہ کمیٹی برائے فنانس کے چیئرمین سینیٹر فاروق ایچ نائیک کو بھجوا دیا۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے فنانس کے چیئرمین سینیٹر فاروق ایچ نائیک کو خط لکھا ہے جس میں کہاگیا ہے کہ کمیٹی ضلع گوادر کیلئے انکم ٹیکس، سیلز ٹیکس، فیڈرل ایکسائز اور کسٹم ڈیوٹیز کی مد میں دس سال کے استثنا کے معاملے کا جائزہ لے جبکہ بجٹ سفارشات میں تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے، خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ضلع گوادر ملک کا سب سے بڑا ساحلی ضلع ہے،ضلع گوادر اقتصادی مواقعوں سے مالا مال ہے،ضلع گوادر کے اقتصادی مواقعوں کو مزید تقویت دینے کی ضرورت ہے،اقتصادی سرگرمیوں سے ضلع گوادر کے عوام اور پورے ملک تک ثمرات پہنچانے کی ضرورت ہے،ضلع گوادر تجارتی، صنعتی اور معاشی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، قومی و بین الاقوامی سرمایہ کاری لانے کیلئے موثر حکمت عملی اور سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
