سابق امیرجماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن کراچی کے نجی اسپتال میں زیرعلاج رہنے کے بعد 78 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔لیاری سے منتخب ہونے والے جماعت اسلامی کے رکن صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سید منور حسن طویل علالت کے باعث کراچی کے مقامی اسپتال میں انتقال کر گئے۔سیدمنور حسن کی نماز جنازہ اور تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔چند روز قبل طبیعت بگڑنے پرسید منورحسن کو ڈاکٹروں کی ہدایت کے مطابق وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا تھا، امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق، نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ و دیگر مرکزی و مقامی قیادت نے اسپتال میں زیرعلاج سید منور حسن کی عیادت کی تھی۔اس موقع پر نائب امیر کراچی ڈاکٹر واسع شاکر ، ڈپٹی سیکرٹری یونس بارائی، قائم مقام امیر ضلع وسطی سید وجیہ الحسن ،ڈاکٹر اظہر چغتائی ،سید منور حسن کے صاحبزادے طلحہ حسن ،قیم ضلع انجم رفعت اللہ سیکرٹری اطلاعات زاہد عسکری و دیگر بھی موجود تھے ۔انہوں نے کارکنوں اور عوام سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعا کی اپیل کی تھی۔






