سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے ذی الحج کا چاند نظر نہ آنے کا اعلان کردیا جس کے بعد یوم عرفہ 30 جولائی کو ہوگا جبکہ عیدالاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ منائی جائے گی۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ میں سعودی پریس ایجنسی (ایس پی اے) کے حوالے سے کہا گیا کہ ملک میں ذی الحج کا چاند نظر نہیں آیا لہٰذا یوم عرفہ 30 جولائی کو ہوگا جبکہ عیدالاضحیٰ 31 جولائی بروز جمعہ ہوگی۔ سعودی حکومت نے سرکاری و نجی شعبوں کے ملازمین کے لیے عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کا بھی اعلان کردیا ہے۔ ملک کے نجی شعبے میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے 30 جولائی سے 2 اگست تک کی چار روزہ تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے۔ سرکاری شعبے کے ملازمین کو دو ہفتے کی چھٹیاں دی گئی ہیں جس کا آغاز 24 جولائی سے ہوگا اور یہ تعطیلات 8 اگست تک جاری رہیں گی۔
