اسلام آبا د :وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فرازنے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو دنیا کے تمام فورمز پر اٹھائیں گے، بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبانے کی کوشش کررہا ہے،گزشتہ سال 5 اگست کے غیر قانونی اقدام سے کشمیریوں کو سنگین صورتحال کا سامنا ہے۔’کشمیر محاصرے میں ہے‘کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر کے خطے پر گزشتہ 70 سے قابض ہے ،بھارت کے غیر آئینی اقدام کے بعد مقبوضہ کشمیر کی جغرافیائی حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ بھارت گزشتہ کئی دہائیوں سے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کو دبانے کی کوشش کررہا ہے،گزشتہ سال 5 اگست کے غیر قانونی اقدام سے کشمیریوں کو سنگین صورتحال کا سامنا ہے،اس اقدام سے بھارتی فوجیوں کو کشمیریوں کے گھروں میں داخل ہونے کا حق دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ5 اگست کے اقدام سے غیر کشمیریوں کو شہریت کے حقوق دئیے گئے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران کی قیادت میں مسئلہ کشمیر کو دنیا کے تمام فورمز پر اٹھائیں گے۔معاون خصوصی قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے عالمی ذرائع ابلاغ نے بھارت کی حکومت کو فاشسٹ قراردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجود ہ حکومت کی موثر سفارتکاری سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال دنیا بھر میں اجاگر ہوئی،تاریخ اٹھا کر دیکھیں تو نازی ہٹلر اور مودی حکومت کی یکساں پالیسی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت عالمی معاہدوں کے تحت مقبوضہ کشمیر میں وبا سے نمٹنے کیلئے علاج فراہم کرنے کا پابند ہے،بھارت کا چھوٹاہمسائیہ ملک نیپال بھی مودی حکومت کے خلاف اٹھ کھڑا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں پاکستان میں قیدی بنائے گئے پائلٹ کو بھی ہیرو بنا کر پیش کیا گیا۔معید یوسف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا ہر باشندہ بھارت سے سخت نفرت کرتا ہے،عالمی برادری ابھی بھی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر آنکھیں بند کیے ہوئے ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر مقبوضہ کشمیر میں بقول بھارت حالات ٹھیک ہیں تو وہاں غیر جانبدار عالمی میڈیا کو کیوں نہیں جانے دیا جا رہا۔
