اسلام آباد : گزشتہ مالی سال 2020ئ کے دوران نان ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں 8 فیصد کمی ہوئی ہے۔ ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس)کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال برآمدات کا حجم 8.873 ارب ڈالر تک کم ہو گیا۔ مارچ 2020ئ میں کورونا وائرس کی وبا کے باعث برآمدی آرڈرز کی معطلی/ منسوخی کی وجہ سے برآمدات میں کمی ہوئی ہے۔مالی سال کے آغاز سے پہلے سات ماہ کے دوران برآمدات میں اضافہ کا رجحان رہا تاہم کووڈ۔19 کی وبا کے بعد مالی سال کے آخری چند ماہ کے دوران برآمدات میں کمی ہوئی ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران چاول، گوشت، پھل، سبزی، تمباکو اور جوتوں کی برآمدات میں اضافہ ہوا جبکہ دیگرمصنوعات کی برآمدات گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں کم ہو گئیں۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ مال سال میں قالینوں اور پارچہ جات کی برآمدات میں 19.33 فیصد جبکہ کھیلوں کے سامان کی برآمدات میں 14.97 فیصد اور فٹ بالز کی برآمدات میں 10.18 فیصدکمی ہوئی ہے۔اسی طرح دستانوں کی برآمدات بھی 26.47 فیصد اور چمڑے کی مصنوعات میں 2.4 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ دوسری جانب جوتوں، چاول، گوشت، پھلوں اور سبزیوں کی برآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اسی طرح مالی سال 2019ئ کے مقابلہ میں گزشتہ مالی سال 2020ئ کے دوران نان ٹیکسٹائل کی قومی برآمدات میں 8 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔






