اسلام آباد :وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں ، قانون سازی مسلمہ عمل ہے ، بعض قوانین کے حوالے سے ہمارا ایک موقف ہے ، اپوزیشن کا ایک دوسرا موقف ہے، ایف اے ٹی ایف، نیشنل سیکورٹی اور نیب سے متعلقہ مسودے اپنے اپوزیشن کے دوستوں کو بھجوا دئیے ہیں امید ہے ہم بل بیٹھ کر گفت و شنید کرینگے، جنہوںنے ملک کو بے دردی سے لوٹا ہے انہیں کٹہرے میں لانا جانا چاہیے ۔ پیر کو ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں جبکہ قانون سازی ایک مسلمہ عمل ہے۔ انہوںنے کہاکہ بعض قوانین کے حوالے سے ہمارا ایک موقف ہے جبکہ اپوزیشن کا ایک دوسرا موقف ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمارے اور اپوزیشن کے درمیان نکتہ نظر کے درمیان فرق کو مل بیٹھ کر طے کرنے اور بہتر قانون سازی کیلئے 24 رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل پا چکی ہے ،اس پارلیمانی کمیٹی کا ایک اجلاس ہو چکا ہے، دوسرا بھی عنقریب ہو گا،ہم نے ایف اے ٹی ایف، نیشنل سیکورٹی اور نیب سے متعلقہ مسودے اپنے اپوزیشن کے دوستوں کو بھجوا دئیے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ مجھے توقع ہے کہ اپوزیشن کے احباب فراخ دلی کے ساتھ ان مسودوں کو دیکھیں گے اور پھر ہم مل بیٹھ کر اس پر گفت و شنید کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم اس ملک میں بہتر قانون سازی کے ذریعے کرپشن کی بیخ کنی چاہتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہم یہ بھی چاہتے ہیں کہ کرپشن کے نام پر کسی کی عزت نہ اچھالی جائے۔ انہوںنے کہاکہ کرپشن قوانین کا مقصد کسی کو ناجائز تنگ کرنا نہیں ہے لیکن وہ لوگ جنہوں نے اس ملک کو بےدردی سے لوٹا ہے انہیں کٹہرے میں لایا جانا چاہیے لہذا ہماری کوشش یہی ہے کہ ایک ایسا قانون ہونا چاہیے جو ان دونوں پیمانوں پر پورا اترتا ہو۔






