پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد دو لاکھ 78 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں اب تک عالمی وبا سے 5951 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ عید کے دو دن میں وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کے سرکاری اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے۔ حکام کے مطابق وبا سے متاثر ہونے والے 88 فی صد مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جب کہ دو فی صد کی موت ہوئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 30 ہزار کے قریب افراد زیر علاج ہیں جن میں سے 1146 کی حالت تشویشناک ہے۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے متاثرین کی مجموعی تعداد ایک کروڑ 80 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ اموات کا گراف 6 لاکھ 85 ہزار سے اوپر ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ایک کروڑ 13 لاکھ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں اور تقریباً 60 لاکھ زیر علاج ہیں۔
دنیا بھر میں کرونا کے متاثرین سب سے زیادہ امریکہ میں ہے جن کی تعداد 46 لاکھ سے 20 ہزار سے زیادہ ہے۔
امریکہ میں مجموعی اموات ایک لاکھ 54 ہزار سے بڑھ چکی ہیں۔ امریکہ کے بعد سب سے زیادہ اموات برازیل میں 93 ہزار 563 ہیں۔ جب کہ کیسز کی تعداد 27 لاکھ تک پہنچ چکی ہے۔ بھارت کیسز کے لحاظ سے دنیا میں تیسرے نمبر پر آ چکا ہے جہاں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 17 لاکھ 50 ہزار ہے۔
