پنجاب حکومت نے صوبے میں لاک ڈاؤن 5 اگست کی بجائے آج سے ختم کردیا، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیرنے صوبے میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، فیصلہ مویشی منڈیوں سے لیے گئے اسمارٹ سیمپلز کے نتائج حوصلہ افزا آنے پر کیا گیا۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن (ر) محمد عثمان کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے میں جاری لاک ڈاؤن 5 اگست کی بجائے آج سے ختم کردیا گیا ہے۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق مویشی منڈیوں سے لیے گئے اسمارٹ سیمپلز کے نتائج حوصلہ افزا آنے اور عید پر مارکیٹوں کی بندش کے بعد کورونا پھیلاؤ کے امکانات کم ہونے کی بنا پر یہ فیصلہ کیا گیا، نوٹیفکیشن کے مطابق 5 اگست پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی ریلی کی اجازت بھی ہوگی تاہم متعلقہ ادارے ریلی میں فاصلہ اور دیگر ایس او پیز عمل درآمد یقینی بنائیں گے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کاروباری مراکز صبح 9 سے شام 7 بجے تک پیر تا جمعہ کھلے رہیں گے جبکہ میڈیکل اسٹورز، پنکچر شاپ، آٹا چکی، تندور اور زرعی ورکشاپس 24 گھنٹے کھلی رکھنے کی اجازت ہوگی۔ کال سینٹرز کو 50 فیصد اسٹاف کے ساتھ کھلا رکھنے کی اجازت ہو گی۔ کیپٹن (ر) محمد عثمان کا کہنا ہے کہ بین الاضلاع ٹرانسپورٹ بھی 24 گھنٹے چلنے کی اجازت ہوگی، گروسری اور کریانہ اسٹور صبح 9 سے شام 7 تک ہفتہ بھر کھلے رہیں گے، چرچ صرف اتوار کو صبح 7 سے شام 5 بجے تک عبادت کے لیے کھلے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے، شادی ہال، ریسٹورنٹ، پارک اور سینما ہال بدستور بند رہیں گے، سماجی و مذہبی اجتماعات، کھیل کی سرگرمیوں کے لیے اکٹھ کی اجازت بھی نہیں ہوگی، نوٹیفکیشن کا طلاق فوری ہوگا جو 17 اگست تک نافذ رہے گا۔
