کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر ) بلوچستان حکومت کا لیویز فورس کو جدید خطوط پر ازسر نو تشکیل دینے کا فیصلہ 8 ارب روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے،رواں مالی سال کے بجٹ میں اس مد میں 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ ڈی جی لیویز مجیب الرحمن قمبرانی کے مطابق بلوچستان لیویز فورس میں عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ اصلاحات کئے جا رہے ہیں ، جس میں لیویز فورس کی جدید خطوط سے ہم آہنگ نظم و نسق، ٹریننگ کے نصاب، ڈیجیٹلائزیشن، بائیو میٹرک کے نفاذ، جیو میپنگ ڈیٹابیس، تفتیشی مہارت،فارنسک کی مہارت، بم ڈسپوزل ٹریننگ کے اقدامات شامل ہیں روان مالی سال کے دوران لیویز فورس کی تنظیم نو اور بہتری کے لیے 1117 ملین روپے رکھے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لیویز فورس میں قائم کیے گئے نئے اسپیشل یونٹس کے لیے ڈویڑنل ہیڈ کوارٹرز میں کثیرالمقاصد رہائشی منصوبے کے لیے 700 ملین روپے جبکہ لیولز چیک پوسٹوں اور لائنز کی تعمیر و مرمت کے لیے 400 ملین روپے سے ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ مجیب الرحمن قمبرانی نے بتایا کہ لیویز فورس کی تنظیم نو کے تحت اس فورس کو مختلف شعبوں میں تقسیم کیا جا رہا ہے جن میں آپریشنل ونگ، تحقیقاتی ونگ، انٹیلی جنس ونگ، سریع الحرکت فورس، انسداد دہشت گردی ونگ، بم ڈسپوزل ونگ ، پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے منصوبوں کی سکیورٹی کے لیے بھی لیویز کا اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے قیام بھی شامل ہیں۔
