وفاقی حکومت نے ڈیجیٹل معیشت کے فروغ اور ڈیجیٹل تقسیم کے خاتمے کے لیے نیشنل کنیکٹیویٹی پلان جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ کرلیا،وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو کام تیز کرنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کے مطابق نیشنل کنیکٹیویٹی پلان میں ملک بھر میں ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی فراہمی، فائیو جی اور فائبر ٹو دی ہوم نیٹ ورک کی توسیع کو قومی ترجیحات میں شامل کیا گیا ہے،منصوبے کے تحت ٹیلی کام آپریٹرز کی ذمہ داریاں واضح کرنے کے ساتھ مختلف ریگولیٹری اصلاحات بھی متعارف کرائی جائیں گی۔۔
پلان کے تحت چھوٹے شہروں، دیہاتوں اور دور دراز علاقوں تک تیز رفتار انٹرنیٹ کی رسائی یقینی بنائی جائے گی، جبکہ فری لانسرز، آئی ٹی ایکسپورٹرز اور ڈیجیٹل پروفیشنلز کو سستا اور تیز رفتار نٹرنیٹ فراہم کرنے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جائیں گے۔
منصوبے میں تمام سرکاری اداروں،اسکولوں اور صحت مراکزمیں فکسڈ براڈ بینڈکی لازمی فراہمی، دور درازعلاقوں کے انٹرنیٹ صارفین کے لیے ٹیکس ریلیف اور فائبر نیٹ ورک کی تیز رفتار توسیع بھی شامل ہے،وزیراعظم نے متعلقہ اداروں کو نیشنل کنیکٹیویٹی پلان پر کام تیز کرنےکی ہدایت کی ہے،جبکہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کام نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کا عمل بھی تیز کردیا ہے۔






