لیبیا کی حکومت نے ملک میں فوری جنگ بندی کا اعلان کردیا

لیبیا کی حکومت نے ملک میں فوری جنگ بندی کا اعلان کردیا

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

لیبیا میں اقوام متحدہ کی جانب سے تسلیم شدہ حکومت (جی این اے) نے ملک بھر میں فوری جنگ بندی کے ساتھ پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کا اعلان کردیا۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق لیبیا کی حکومت نے سرت شہر سے بھی فوج ہٹانے کی بات کی ہے جس کے بعد 9 سال خانہ جنگی کے شکار ملک میں امن کی بحالی کی امیدیں پیدا ہوئی ہیں۔ جی این اے کی جانب سے مارچ میں پارلیمانی اور صدارتی انتخابات کا بھی اعلان کردیا گیا ہے اور تیل کی دولت سے بھرپور ملک نے تیل کی برآمد میں حائل رکاوٹوں کو بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جی این اے کے سربراہ فیاض السراج نے تمام سیکیورٹی فورسز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ فوری طور پر جنگ بندی کی جائے اور ملک بھر میں جاری کارروائیوں کو ختم کردیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس اعلان کا مقصد لیبیا کی حدود میں مکمل خود مختاری اور بیرونی فورسز کی بے دخلی کویقینی بنانا ہے۔ جی این اے کے اعلان کے بعد مشرقی فورسز کے کمانڈر خلیفہ حفتر کی فورسز کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا تاہم انہوں نے جون میں مصر کی ثالثی پر جنگ بندی پر اتفاق کیا تھا۔ کمانڈر حفتر کے حامی لیبیا کی پارلیمنٹ کے اسپیکر اغوئیلا صالح نے دونوں فریقین کو اس اعلان پر عمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جنگ بندی سے بیرونی فورسز کو لیبیا میں مداخلت کا موقع نہیں ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے اسٹریٹجک شہر سرت کو خطے کے مختلف فورسز سے تحفظ ملے گا۔ دوسری جانب مصر کے صدر عبدالفتح السیسی نے اپنے بیان میں لیبیا میں جنگ بندی کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے۔ خیال رہے کہ لیبیا میں مصر کمانڈر حفتر کی حمایت میں موجود ہے اور ان کے ساتھ متحدہ عرب امارات اور روس بھی شامل ہے۔ دوسری جانب حکومت کو ساتھ ترکی اور قطر کی حمایت حاصل ہے اور ترک فورسز بھی موجود ہیں، جن کی بدولت بڑی کامیابیاں بھی ملی تھیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!