اسلام آباد : وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے 15 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 4 روپے 93 پیسے فی لیٹر بڑھائی گئی ہے۔قیمتوں میں اضافے کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 367 روپے 21 پیسے، جبکہ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 320 روپے 73 پیسے ہوگئی ہے۔واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث حکومت نے روزانہ کی بنیاد پر تیل کی قیمتوں کا تعین کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دوسری جانب پیٹرول پمپ مالکان نے روزانہ کی بنیاد پر تیل کی قیمتوں کا تعین کرنے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کل رات 12 بجے سے پیٹرول پمپ بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔




