کوئٹہ:جمعیت علماءاسلام کے مرکزی ترجمان اورسابق پارلیمنٹرین حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ پاکستان کے دو دوست ممالک اپنے تنازعات اور اختلافات کی لڑائی پاکستان کی سرزمین پر لڑنا چاہتے ہیں اور اس کے لئے دونوں ممالک نے چند ناعاقبت اندیش عناصر کواس کام کیلئے خرید رکھاہے۔ وہ ہفتہ کو عشرہ محرم الحرام کے حوالے سے جامعہ مطلع العلوم میں گفتگو کررہے تھے- اس موقع پر جے یوآئی پنجاب کے رہنماءاور رائیٹرحافظ ابوبکر، صوبہ سندھ کے رہنما مولانا عارف الحسینی، کشمور کے امیر اور سیکریٹری جنرل، کوئٹہ کے رہنماءمولانا محمدطاہر توحیدی، حافظ منیر احمد ایڈوکیٹ، حافظ زبیر احمد، ظفر حسین بلوچ ، حافظ رشید احمد، شبیر احمد، حافظ عبدالرزاق ودیگر موجودتھے ۔ حافظ حسین احمد کا کہنا تھاکہ خاتم النبییںﷺ کے اہل بیت، خلفاءراشدین، اصحاب کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے مناقب اور مناصب کااحترام تکمیل ایمان کا لازمی جزءہے اس ضمن میں یہ احتیاط اور خیال رکھا جائے کہ دونوں میں سے کسی ایک کی تعریف و توصیف سے دوسرے کی توہین و تنقید کا کوئی شائبہ بھی آشکارا نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر جو کچھ ہورہاہے اس کی ڈوریاں کہیں اور سے ہلائی جارہی ہیں ،انہوںنے کہا کہ چند ممالک کے سفارت خانے ماضی کی طرح اب بھی دونوں طرف کے ان عناصر کی سرپرستی کررہے ہیںجو فرقیواریت کی آگ پر اپنی اشتعال انگیز تقاریر سے مسلسل تیل ڈال رہے ہیںجے یو آئی کے ترجمان نے کہا کہ ماضی میں ایسی ہی صورتحال میں دونوں اطراف کے درد مند زعماءنے ایک میز پر بیٹھ کر اس طوفان کے سامنے بند باندھا تھاآج بھی ضرورت ہے کہ قومی اور خصوصاً بین الاقوامی طور پر رونما ہونیوالی مدوجزر سیاسی اورجغرافیائی تبدیلیوں کے تناظر میں ہمیں اندرونی طور پر متحدومتفق ہوکر نہ صرف واضح موقف اپنانا ہوگا بلکہ عالم اسلام کی قیادت اور رہنمائی کے اس خلاءکو بھی پرُ کرنا ہے جو مسلم ممالک کی مغرب کی غلامی کی وجہ سے متاثر ہوچکی ہے۔






