کوئٹہ:ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے پاکستان ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں سابق حکومت کے باعث آیا ،فیٹف سے متعلق بل ملک حکومت کا مسئلہ نہیں ملک کا مسئلہ ہے ،ایف اے ٹی ایف بل پاس ہونے سے منی لانڈری کرنے والے قانون کی گرفت میں آئیں گے ،کوشش کریں گے کہ بل ایوان کے مشترکہ اجلاس سے پاس کروا لیں ،کورونا وائرس کے باعث حکومت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تاہم وزیراعظم کی مثبت پالیسیوں کے باعث معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے،سیکورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کی بدولت صوبے میں امن و امان قائم اور شہرکی رونقیں بحال ہوئی ہیں ہم سب کو ملکر پاکستان اور بلوچستان کی ترقی کیلئے کوششیں کرنی چاہئے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کی شام کوئٹہ میں ایک ہوٹل کے افتتاح کے موقع پرصحافیوں بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالباری بڑیچ بھی موجود تھے۔ قاسم خان سوری نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث شہر کی رونقیں مانند پڑ گئیں تھیں تاہم یہ خوش آئند بات ہے کہ سیکورٹی فورسز اور پولیس کے جوانوں کی قربانیوں کی بدولت شہر کی رونقیں دوبارہ بحال ہونا شروع ہوگئی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس اور لاک ڈاون کے باعث حکومت اور معیشت کیلئے مشکلات پیدا ہوئیں تھیں تاہم وزیراعظم کی مثبت پالیسیوں کی بدولت جہاں ملک میں کورونا وائرس نہیں پھیلا اور آج الحمداللہ ملک کی معیشت ترقی کر رہی ہے ہمیں ملکر ملک اور صوبے کی ترقی کیلئے کام کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت تاجروں کیلئے خصوصی مراعات دے رہی ہے تاکہ ملک میں کاروبار چلے اور معیشت بہتر ہو تاجروں کو چاہئے کہ وہ حکومت کی جانب سے دی جانے والی مراعات سے بھر پور فائدہ اٹھائیں۔
