اپوزیشن سیاست کو ریاست پرفوقیت دے رہی ہے ، شیخ رشید

سوشل اکاونٹس پر لنک بیجھیں

لاہور : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کاکہنا ہے کہ اپوزیشن سیاست کو ریاست پر فوقیت دے رہی ہے ، سیاست سے لڑائی آپ کا حق ہے ، ریاست سے لڑائی آپ کا حق نہیں ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے لاہور میں ہفتہ وار پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملکی سیاست جس دور میں داخل ہورہی ہے اس کے نتائج کچھ بھی ہوسکتے ہیں ۔ ایازصادق کے بیان پر دشمن ملک میں شادیانے بجائےجارہے ہیں،اس سے پہلےکبھی ایاز صادق کو بولتے نہیں دیکھا ، نوازشریف کے آشیرباد کے بغیر ایاز صادق ایسا غیر ذمہ دارانہ بیان نہیں دے سکتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست کو ریاست پر اہمیت دی جارہی ہے، سیاست سے لڑائی کرنی ہے تو عمران خان میدان میں ہیں ، ریاست سے لڑائی کرنی ہے تو اس کے نتائج خطرناک ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض عقل کے اندھوں کو معلوم نہیں کہ سیاست کس خطرناک مرحلے میں داخل ہوچکی ہے ۔ سیاست میں ” ڈائیلاگ ” کا دردوازہ بند نہیں ہوتا، وزیراعظم نے مذاکرات سے انکار نہیں کیا ۔ کرپشن کیسز سے ہٹ کر وہ مذاکرات کے لیے تیار نہیں ہیں، خلفشار اور انتشار سے سیاسی قوتیں پچھتائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف نے چھ آرمی چیفس سے لڑائی کی ، ڈی جی آئی ایس پی آر بابر افتخار کو کہنا پڑا کہ فوج میں غم وغصہ پا یا جاتا ہے ۔ فوج کے بارے میں جو کچھ کہا جارہا ہے یہ غیر ملکی ایجنڈا ہے اور اس غیر ملکی ایجنڈے کے تحت پاکستان میں سرمایہ کاری کی جارہی ہے ۔ فوج ہی مشکل حالات کے باوجود جمہوریت کی ضمانت ہے ۔ شیخ رشید نے کہا کہ اسمبلیاں ٹوٹ نہیں رہی نہ ہی مارشل لا لگ رہا ہے ، میرے تجزیے سیاسی ہوتے ہیں ، یکم نومبر سے 20فروری تک بہت اہم ہیں،سب کچھ پتہ چل جائے گا۔ پیپلز پارٹی نے ان حالات میں بہتر سیاست کی ہے ،ملکی سیاست میں مولانا کی کوئی اہمیت نہیں ان کے پاس چند سیٹیں ہیں ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: Content is protected !!