پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 15 نومبر کو گلگت بلتستان اور جنوری کے بعد وفاق میں ہماری حکومت بننے والی ہے پھر ہم عوام کو تاریخی روزگار دلوائیں گے۔ چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے گلگت میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا منشور آج بھی ہمارا منشور ہے کہ اسلام ہمارا دین ہے، جمہوریت ہماری سیاست، مساوات ہماری معیشت، طاقت کا سرچشمہ ہمارے عوام اور شہادت ہماری منزل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان کی انتخابی مہم اور عوام کے لیے ہمارا ایک الگ منشور ہے اور میرے تین وعدے ہیں کہ ہم گلگت بلتستان کے نوجوانوں کو روزگار دلائیں گے، گلگت بلتستان کے عوام کو حق ملکیت دلوائیں گے اور ہم گلگت بلتستان کے عوام کو حق حاکمیت بھی دلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے حکومت کے ذریعے گلگت بلتستان میں بھی روزگار دیا تھا، اسٹیل مل، ہیوی انڈسٹریل کمپلیکس دی، جگہ جگہ قومی ادارے کھڑے کیے تاکہ عوام کو روزگار ملے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ بےنظیر بھٹو کے لیے مشہور تھا کہ بےنظیر آئے گی روزگار لائے گی، انہوں نے گلگت بلتستان کے عوام کو پورے ملک کے اداروں میں روزگار دلایا تھا اور خواتین کو بھی روزگار دلایا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کی صدارت میں پی پی پی نے گلگت بلتستان میں سارے ریکارڈز توڑ دیے تھے، 25 ہزار ملازمتیں دلوائی تھیں اور سی پیک کا انقلابی منصوبہ شروع کیا جو پسماندہ علاقوں کے لیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ انقلابی سی پیک پاکستان کا گیم چینجر منصوبہ ہمیں نہیں ملتا اگر یہ گلگت بلتستان کی سرحدیں نہیں ہوتیں، اگر گوادر پورٹ نہیں ہوتا اور یہ منصوبہ ملا ہے تو گلگت بلتستان کی وجہ سے ملا ہے اس لیے سب سے پہلے فائدہ آپ کو ملنا چاہیے تھا۔






