لاہور:نواب ٹاؤن کے علاقے میں ایک دکاندار کی جانب سے 7 سالہ بچی کے مبینہ طور پر ریپ کے بعد اس کو ہسپتال میں داخل کرادیا گیا۔ پولیس نے بچی کے والد کی شکایت پر 35 سالہ ملزم کو گرفتار کرکے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ مذکورہ واقعہ لالازار کالونی میں اس وقت پیش آیا جب بچی کچھ چیزیں لینے کے لیے دکان پر گئی تھی۔ ایف آئی آر کے مطابق ملزم بچی کو دکان کے ایک حصے میں لے گیا جہاں اس نے بندوق کے زور پر مبینہ طور پر اس کا ریپ کیا اور اسے تشویشناک حالت میں دیکھ کر وہیں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔ بعد ازاں بچی کے والد کو جب واقعے کا علم ہوا تو انہوں نے فوری طور پر اسے ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹرز نے اس پر ہونے والے ظلم کی تصدیق کی۔ علاوہ ازیں والد کی جانب سے پولیس کو مطلع کیا گیا جس پر مشتبہ ریپسٹ کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کرلیا گیا۔ خیال رہے کہ ملک میں گزشتہ کچھ عرصے سے بچوں کے ریپ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے جبکہ اس سلسلے میں حکومت آرڈیننس پیش کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہے تاکہ ایسے ملزمان کو سخت سے سخت سزا دی جاسکے






