برکت زیب سمالانی
راسکوہ کے دامن سے
نوشکی میں رواں ہفتے مختلف سیاسی ،سماجی اور علاقائی حوالے سے مختلف قسم کے پروگرامات منعقد ہوئے جن کو نوشکی کے سیاسی ڈائری میں شامل کرکے ان پر اپنے رائے اور تبصرے پیش کئیے گئے ہیں، قارئین کا شکریہ جنہوں نے نوشکی کے سیاسی ڈائری لکھنے پر کافی حوصلہ افزائی کی ہے اور اس سلسلہ کو برقرار رکھنے کی امید ظاہر کی ہے، ہم انشاء اللہ اپنی جانب سے لکھنے کی کوشش کو جاری رکھیں گے، اور نوشکی کے سیاسی ڈائری کے ذریعے نوشکی کے سیاسی صورت حال اور مسائل کو اجاگر کرتے رہینگے، رواں ہفتے نوشکی میں سیاسی حوالے سے جماعت اسلامی، نیشنل پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور بی ایس پجار کی جانب سے پروگرامات منعقد ہوئے ہیں جن کا تفصیلی احوال آگئے جاکر ملے گا، نوشکی میں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال کی نوشکی دورہ کرنے کی بھی اطلاعات ہے، اس دورہ کے تیاریوں کے حوالے سے بلوچستان عوامی پارٹی نے بھی اپنی سطح پر تیاریوں کو تیز کردی ہے، اور کارکنان کا میٹنگ طلب کرکے وزیر اعلی کے نوشکی کے آمد کے حوالے سے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، سابق صوبائی وزیر حاجی میر غلام دستگیر بادینی خود نوشکی پہنچ چکے ہیں اور تیاریوں کی خود نگرانی کررہے ہیں،
نوشکی میں انجمن تاجران کے انتخابات 30 نومبر کو ہونگے انتخابی کمپین جوش خروش اور جذبے کے ساتھ جاری و ساری اور آخری مراحل میں ہے سعید بلوچ نے اپنے انتخابی منشور گذشتہ ہفتے پریس کانفرنس کے ذریعے بیان کرنے کے بعد گذشتہ روز ذولفقار بلوچ پینل نے بھی اپنا انتخابی منشور نوشکی پریس کلب میں پرہجوم پریس کانفرنس کے ذریعے کیا، اس پریس کانفرنس میں مولوی واحد ساسولی نے کہاکہ نوشکی کے تمام سینئر تاجر انجمن تاجران نوشکی کے سابقہ کابینہ کا احتساب چاہتے ہیں ، اس پریس کانفرنس کے بعد سوشل میڈیا پر زبردست ایک دوسرے کیخلاف کمپین چلایا گیا یہاں تک کہ ایک دوسرے کو تالا پینل اور حلفی تالا پینل کا نام دیا گیا ، جبکہ نوشکی کے باشعور طبقہ نے ایسے اقدامات اور تبصروں کو ناپسندکیا ہے جبکہ دوسری جانب نوشکی کے تاریخ میں انجمن تاجران نوشکی کا یہ پہلا الیکشن ہے جس میں دونوں پینل دکانداروں کے پاس ڈور ٹو ڈور دکانوں پر جارہے ہیں اور اپنا انتخابی منشور دے کر ورک کررہے ہیں 22 سو زاہد دکانیں ہے لیکن واضع اکثریت کس کے پاس ہے یہ 30 نومبر کو معلوم ہوگا، الیکشن کے سلسلے میں گزشتہ روز انجمن تاجران کے الیکشن کے نگران کمیٹی کے اکبر لانگو اور نور اللہ بادینی نے ڈپٹی کمشنر نوشکی جمیل احمد بلوچ سے ملاقات کی اور 30 نومبر کو انجمن تاجران نوشکی کے انتخابات کے حوالے سے انتظامی تعاون سکیورٹی کی فراہمی سمیت عملہ کی فراہمی کا مطالبہ کیا ڈپٹی کمشنر نوشکی جمیل احمد بلوچ نے نگران کمیٹی کو انتظامیہ کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرادی ۔ علاوہ ازیں انجمن تاجران نوشکی کے انتخابات کے حوالے سے نگران کابینہ کی جانب سے اکبر لانگو نے ہدایات جاری کردی ان کا کہنا ہے کہ انتخابات 30 نومبر بروز سوموار صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ضلع کونسل ہال میں ہونگے۔-الیکشن کے دوران کرونا سے بچاؤ کے لئے ایس او پیز پر عمل در آمد ضروری ہے۔تمام دکاندار ماسک ضرور پہنے اور 3 فٹ کے فاصلہ رکھیں-انتخابی فہرست میں درج شدہ نام کے دکاندار اپنے اصل شناختی کارڈ ضرور ساتھ لائیں۔جن دکانداروں کے نام فہرست میں درج نہیں وہ فوری طور پر اپنا اندراج کرائے
شہید میر اصغر خان مینگل کے تیرویں برسی کے مناسبت سے خلق مینگل لائبریری میں تعزیتی ریفرنس منعقد ہوا، جس میں شہید میر اصغر خان مینگل کے حالات زندگی اور قربانیوں کے بارے مقررین نے روشنی ڈالی، شہید کے فرزند میر آریان خان مینگل نے پہلی بار تعزیتی ریفرنس میں شرکت کرکے پروگرام کی صدارت کی، پروگرام میں میر آریان خان مینگل، بی این پی کے مراد مینگل ، نیشنل پارٹی کے خیر بخش بلوچ، بی این پی کے نذیر بلوچ، شاعر و ادیب غمخوار حیات، مولوی محمد قاسم مینگل، شبیر احمد مینگل، جمال خان مینگل اور مقبول بلوچ نے خطاب کئیے، تعزیتی ریفرنس کے بعد شہداء کے مزار پر حاضری دینے کے ساتھ ساتھ گل پاشی اور فاتحہ خوانی کی گئی اور بعد میں شہید میر اصغر خان مینگل کے ایصال ثواب کے لئے لنگر تقسیم کی گئی اور انکے بلند درجات کے لئے دعا کی گئی
بی ایس او پجارنوشکی زون کے زیر اہتمام بی ایس او کا 53واں یوم تاسیس جس میں بی ایس او پجار کے مرکزی چئیرمین ملک زبیر بلوچ نے کیک کاٹ دی۔ مرکزی چیئرمین کے ساتھ نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری خیر بخش بلوچ، رخشان ریجن کے ریجنل سیکرٹری فاروق بلوچ، بی ایس او پجار کے مرکزی جونیئر جوائنٹ سیکرٹری وکرم بلوچ، بی ایس او پجار وحدت بلوچستان کے صدر بابل بلوچ، سی سی ممبر علی نواز بلوچ، نیشنل پارٹی کے صوبائی یوتھ سیکرٹری آغا ربنواز اور بلوچستان کے نامور ادیب و شاعر ڈاکٹر عالم عجیب بھی ہمراہ تھے
نوشکی کے معروف دینی درسگاہ افضل المدارس نوشکی میں جماعت اسلامی نوشکی کے ایک روزہ تربیتی اجتماع منعقد ہوا، اس تربیتی اجتماع میں جماعت کے ضلع بھر سے ارکان اور کارکنان نے کثیرمیں شرکت کی ایک روزہ تربیتی اجتماع سے جماعت اسلامی بلوچستان کے صوبائی نائب امیر بشیر احمد ماندائی، صوبائی ناظم تعلقات عامہ ڈاکٹر عطاء الرحمن، صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکبیر شاکر، ضلعی امیر نوشکی حافظ مطیع الرحمن مینگل، ضلعی تعلقات عامہ حاجی عبید اللہ مینگل، مولانا محمد قاسم مینگل اورمولانا سمیع اللہ مینگل نے خطاب کئیے، تربیتی اجتماع کا آغاز تلاوت کلام سے شروع ہوا، درس قرآن کے ذریعے مولانا سمیع اللہ مینگل نے انتہائی پرمغز اور گہرائی سے شرکاء کے دل گرما دئیے، اس کے بعد درس حدیث کے ذریعے مولانا محمد قاسم مینگل نے شرکاء کے دلوں کو احادیث کے نور سے منور کئیے، تربیتی اجتماع کا پروگرام انتہائی ڈسپلن کے ذریعے منعقد ہوئے، شرکاء میں بزرگ، سفید ریش، نوجوان اور طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کئیے، جماعت اسلامی نوشکی کا ضلعی سطح پر یہ تربیتی کا منعقد ہونا جماعت اسلامی نے اپنا بھرپور افرادی قوت کو شو کردیا، کارکنان کے جم غفیر نے جماعت اسلامی کی ضلعی سطح پر زبردست منظم پارٹی کے حیثیت سے باور کرایا، ویسے تو سیاسی پارٹی کا اپنے کارکنان کو سیاسی اور ذہنی طور پر تربیت ہونا لازم وملزوم ہے، اور ایسی تربیتی پروگرامات کے انعقاد سے سیاسی پارٹیوں کی منظم ہونا اور کارکنان کا سیاسی طور پر نئے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہوسکے، جماعت اسلامی نوشکی کے ضلعی امیر حافظ مطیع الرحمن مینگل اور انکے ٹیم نے بڑی محنت کے بعد ایسے پروگرام کا انعقاد کئیے اور ضلع بھر سے اپنے اراکین اور کارکنان کو جمع کرکے سیاسی طور پر نوشکی کے دیگر پارٹیوں کو یہ میسج اور پیغام دیا کہ جماعت اسلامی ضلعی سطح پر بھی دیگر پارٹیوں کی طرح میدان میں موجود ہے اور منظم ہے
تربیتی اجتماع سے جماعت اسلامی کے صوبائی اور ضلعی قائدین نے نے اپنے خطاب میں کہاکہ قرآن ہم سب کے لئے ہدایت کا ایک ذریعہ ہے، ہمیں قرآن و حدیث کے تعلیمات سے روشناس ہونا ضروری ہے اس لیے، قرآن و حدیث کے تعلیمات ہمارے لئیے مشعل راہ ہے، انہوں نے کہاکہ ہم نے فرعون کے مقابلے میں حضرت موسی علیہ السلام کے ، نمرود کے مقابلے میں حضرت ابراہیم علیہ السلام کے اور ابولہب اور ابوجہل کے مقابلے میں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی راہ کو اپنایا ہے، اسلامی نظام کے بدولت مسلمانوں کے مسائل کا حل ممکن ہے، ملک میں سودی اور غیر اسلامی نظام رائج ہے اس وجہ سے آج ہر مسلمان خوار ہے، موجودہ حکمرانوں نے ملک کو دلدل میں پھنسایا ہے، معیشت تباہ ہوچکی ہے، بے روزگاری اور مہنگائی سب سے زیادہ ہے، ملک کو بحرانوں سے صرف عادل حکمران نکال سکتے ہیں، عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیکر تبدیلی لائے اور اسلامی خوشحال پاکستان کی تعمیر میں ساتھ دےانہوں نے کہاکہ ایمنسٹی انٹرنیشنل کے رپورٹ کےمطابق بلو چستان کا 65 فیصد بجٹ کرپشن کا شکار ہورئی ہے ایک روزہ تربیتی گاہ میں ضلع نوشکی کے مختلف علاقوں سے اراکین اور کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔
نوشکی۔ نیشنل پارٹی قاضی یونٹ و بالمیکی برادری کی جانب سے دیوالی کے حوالے سے ایک تقریب منعقدہوا تقریب سے نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکریٹری خیربخش بلوچ۔ بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر میر عطاء اللہ مینگل۔ نیشنل پارٹی رخشان ریجن کے ریجنل سیکریٹری فاروق بلوچ۔ بی ایس او پجار کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری وکرم بلوچ۔جماعت اسلامی کے امیر حافظ مطیع الرحمان مینگل۔ ہندو کمیونٹی کے رہنما ہنس راج۔ جے یوآئی ف حافظ عبداللہ گورگیج۔ بیبرگ بلوچ۔سیاسی و قبائلی رہنما میر عرفان بادینی۔ اجے کمار۔ راجندر کمار۔ حق نواز شاہ و دیگر نے خطاب کئیے، علاوہ ازیں نوشکی میں اس بار دیوالی کو ہندو برادری نے جوش وخروش سے منایا اور نوشکی کے مختلف مکاتب فکر کے لوگوں نے دیوالی کے موقع پر ہندو برادری کو مبارک بادی کے پیغامات بھیجے، اور مکمل اظہار یکجہتی کا مظاہرہ کیا اور ہندو برادری کے خوشیوں میں شریک رہے علاوہ ازیں ہندو پنچایت کے رہنماء کلہو رام نے دیوالی کے موقع پر نوشکی کے مختلف مکاتب فکر کی جانب سے ہندو برادری کے خوشیوں میں شامل ہونے لئے مبارک بادی کے پیغامات دینے پر سب کا شکریہ ادا کیا
بلوچستان عوامی پارٹی نوشکی کے زیر ایتمام اقلیتی امور کے صوبائی مشیر دنیش کمار کی جانب سے بالمیکی برادری نوشکی کے مستحقین کے لیے دیوالی کے موقع پر امدادی چیک تقسیم کئے اسوقع پر ایک تقریب منعقد کی گئی تقریب سے بی اے پی نوشکی کے جنرل سیکرٹری میر عبدالرحمن لانگو،چوہدری گرداری لعل سینر رہنما ملک غلام جان بادینی.سینر رہنما سنی گل بالمیکی چوہدری پرکاش ھنس راج.سینر رہنما ماسٹر رشید مینگل .سریش نے خطاب کرتے ہوہے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی کے اقلیتی امور کے مشیر دھنیش کمار کی کارکردگی روز روشن کی طرح عیاں ہیں اہنوں نے اقلیتی برادری کے لیے بے شمار ترقیاتی کام کہے ہیں، تقریب کے بعد جب یہ خبر سوشل میڈیا پروائرل ہوا تو باپ پارٹی کیخلاف میڈیا ٹرائل شروع کیا گیا چیک تقسیم کے حوالے سے اور سوشل میڈیا پر ایک صحافی کی جانب سے باقاعدہ خلاف میں ایک بالمیکی کی جانب سے ویڈیو وائرل کی گئی جب اس بارے باپ پارٹی کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے اس کی تردید کرتے ہوئے کچھ ثبوت میڈیا کو فراہم کئیے کہ جس شخص نے ویڈیو جاری کی ہے انکا نام لسٹ میں موجود تک نہیں انہوں نے اپنے رشتہ دار کا چیک وصول کئیے تھے، بعد میں اسی بالمیکی نے ایک اور وضاحتی ویڈیو سوشل میڈیا میں جاری کی کہ مجھے غلط گائیڈ ہونے کی وجہ سے وہ ویڈیو بنا ڈالی کہ میں معذرت کرتا ہوں اس طرح حقیقت سارے عوام کے سامنے آگئے ، قارئین کو ایک بات بتانا چاہتے ہیں کہ صحافت حقیقت اور سچائی کا نام ہے جب ہم نے اسی حوالے ثبوت کے ساتھ حقائق بیان کئیے اور سچائی کو بیان کئیے تو کچھ دوست برا مان گئے، ہمیشہ قارئین تصویر کا ایک رخ نہ دیکھے بالکل تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھے تاکہ سچائی سامنے آسکے،
نیشنل پارٹی نوشکی کا غریب آباد میں شمولیتی پروگرام منعقد ہوا اس موقع پر حافظ محمد ہاشم یلانزئی، عبدالباری مینگل، عبدالقادر مینگل اور محمد زمان نے اپنے عزیز واقارب اور رشتہ داروں کے ہمراہ نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کئیے اور اسی طرح نیشنل پارٹی کا کلی قاضی آباد میں بھی شمولیتی پروگرام منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر نجیب ، شبیر احمد محمدشہی اور عبدالخالق نے اپنے ساتھیوں اور رشتہ داروں کے ہمراہ باقاعدہ نیشنل پارٹی میں اپنی شمولیت کا اعلان کئیے ، ویسے تو رواں ہفتے نیشنل پارٹی نے پے در پے پروگرامات کئیے اور کلی غریب آباد اور کلی قاضی آباد میں شمولیتی پروگرامات کا انعقاد کئیے اور نئے لوگ نیشنل پارٹی میں شامل ہوگئے ،
نوشکی کا ایک اہم قبائلی اور سیاسی شخصیت عنقریب کسی ایک پارٹی میں اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت شمولیت کا اعلان کرینگے ، عنقریب نوشکی شہر سے باہر ایک کلی میں بہت بڑا سیاسی پروگرام منعقد ہوگا، جس میں متعلقہ پارٹی کے صوبائی قائدین بھی شرکت کرینگے ، شمولیت کرنے والا شخص پہلے کسی بھی سیاسی پارٹی میں شامل نہیں ہوا ہے، وہ اسٹوڈنٹس لائف میں ایک اسٹوڈنٹس تنظیم کے پلیٹ فارم سے سیاست کی ہے اور موجودہ حالات میں پولیٹیکل حوالے سے انکا ایک اہم رول رہا ہے، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ وہ سیاسی جماعت میں شمولیت کے حوالے سے اپنے عزیز واقارب اور قریبی دوستوں سے مشاورت کررہے ہیں ، انکے حتمی رائے ملنے بعد جلد ہی اپنی سیاست کا آغاز ایک سیاسی جماعت سے کرینگے
بلوچستان عوامی پارٹی کے کارکنان و عہدیداران پر مشتمل ایک اہم اجلاس پارٹی کے ضلعی سیکرٹریٹ میں ضلعی صدر و سابق صوبائی وزیر حاجی میرغلام دستگیر بادینی کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں بی اے پی کے کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی اجلاس میں وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان علیانی کی دورہ نوشکی کے تیاریوں کا جائزہ لیا گیا شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی رہنما سابق صوبائی وزیر حاجی میرغلام دستگیر بادینی جنرل سیکرٹری میر عبدالرحمٰن لانگو میر سلیم دوست جمالدینی ماسٹر رشید مینگل و دیگر نے کہاکہ بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی حکومت و وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان علیانی کی خصوصی دلچسپی سے ضلع نوشکی میں اربوں روپے کی ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جن میں نوشکی زارو چاہ روڈ بائی پاس روڈ. اسپورٹس کمپلیکس سر فہرست ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت بلاتعصب صوبہ بھر میں ترقیاتی عمل کو تیز کرکے اہم عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے اقدامات اٹھارہی ہے انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان علیانی دورہ نوشکی کے موقع پر جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ اور افتتاح کرینگے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان علیانی نوشکی کے دیگر حل طلب عوامی مسائل کو حل کرنے کے لیے بروقت اقدامات بھی کرینگے.
نوشکی میں آزات فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام آواز فاؤنڈیشن کی معاونت سے خواتین پر تشدد کے خلاف غمخوار حیات خواتین کے ہمراہ پریس کانفرنس کئیے اس موقع پر انکے ہمراہ نذیر بلوچ، ایڈوکیٹ میر عاقل خان بادینی، مولانا محمد فاروق اور دیگر موجود تھے ،پریس کانفرنس کے بعد واک کا اہتمام کیا گیا جس میں خواتین اور نوجوان پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور جنسی تشدد کیخلاف بینر پر شرکاء نے اپنے دستخط کئیے،
نوشکی کے ڈائری کے آخر میں کچھ مسائل شامل کرینگے نوشکی شہر اور گردونواح میں آب نوشی اسکیم کے سمر سیبل سمیت ٹرانسفارمر جل جاتے ہیں جس سے پانی کی شدید قلت اور بحران پیدا ہوجاتی ہے جس سے لوگوں کے مسائل اور پریشانیوں میں زیادہ اضافہ ہوجاتا ہے، اور بعض کمیونٹی ٹیوب ویلوں کی بجلی کنکشن منقطع ہونے سے پانی کی فراہمی بند ہوجاتی ہے، پی ایچ ای اس بارے سنجیدگی سے ان مسائل کے حل پر توجہ دے دیں،
اور اسی طرح سردی کے اس سخت موسم میں نوشکی شہر اور دیہی علاقوں میں کئی بجلی کے ٹرانسفارمر جل کر خراب ہوئے ہیں سخت سردی کے موسم میں گھریلوں بجلی کے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے، واپڈا اس سخت سردی کے موسم میں جہاں جہاں بجلی ٹرانسفر خراب ہے انہیں جلد مرمت کرکے بحال کردیں،
نوشکی آج کل سردیوں کے لپیٹ میں ہے اور موسم کے معلومات دینے میں ماہر موسمیات حاجی ولی محمد بڑیچ اور ظفر عثمانی دے رہے ہیں اور اپنے دلچسپ و مزاحیہ تبصروں اور تجزیوں سے قارئین کی توجہ حاصل کی ہے، کیونکہ نوشکی میں خاص کر موسم سرد ہوجاتا ہے یا بادلوں کے آنے اور بارشوں کے امکانات پیدا ہوتے ہیں کتنا سردی ہوگا اور کب گوریچ سائبریاں کے ہوائیں چلنے لگتے ہیں اور کب موسم نارمل ہوگا، قارئین خاص موسم کے خبریں حاصل کرنے کے لئے خصوصی دلچسپی ظاہر کرتے ہیں ہم امید رکھتے ہیں اپنے نوشکی کے ماہر موسمیات سے کہ وہ اسی طرح موسم کی خبریں دیا کریں گے اور لوگوں کی توجہ حاصل کرینگے ۔۔۔۔۔۔۔
