خضدار(این این آئی)پی ڈی ایم کے زیرِ اہتمام خضدار میں بلوچستان نیشنل پارٹی، جمعیت علماءاسلام، نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی اور مظاہرہ کیاگیا۔ ریلی مرکزی جامع مسجد سے شروع ہوکر شہر کے مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی آزادی چوک پر جلسے کی شکل اختیار کرگئی۔ ریلی کی قیادت بلوچستان نیشنل پارٹی کے ضلعی صدر شفیق الرحمٰن ساسولی، جمعیت علماءاسلام کے ضلعی جنرل سیکرٹری مولانا عنایت اللہ رودینی، نیشنل پارٹی کے ضلعی نائب صدر میرسلمان جان زہری، پاکستان پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر سجادزیب حسنی کررہے تھے۔ ریلی میں جے یوآئی، بی این پی، این پی، پی پی پی کے کارکنان کثیر تعداد میں شریک تھے۔ ریلی کے شرکاءسے جمعیت علماءاسلام کے مرکزی رہنما مولانا قمرالدین، بی این پی کے ضلعی صدر شفیق الرحمٰن ساسولی، نیشنل پارٹی کے ضلعی نائب صدر میرسلمان جان زہری، پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر سجادزیب حسنی، مامامحمدرحیم خدرانی(پی پی)، عبدالوہاب غلامانی(این پی)، حاجی محمداقبال بلوچ (بی این پی)، مولانا عنایت اللہ رودینی (جے یوآئی) و دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی ایم کی کامیابی کو یقینی قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کی سیاس و جمہوری تحریک نتیجہ خیز مرحلے میں داخل ہوچکی ہے غیرجمہوری قوتیں بوکھلاہٹ کا شکارہیں اور مختلف حربے استعمال کرکے اس تحریک کو روکنے کی کوشش کررہے ہیں وہ دن دور نہیں جب ہماری ووٹ کی عزت ہوگی، ہمارے پیارے بازیاب ہونگے، مقررین نے کہاکہ اس وقت ملک میں بے پناہ مہنگائی ہے ، ملکی معیشت زبوں حالی کا شکار ہے ، کاروباری لوگوں کا کاروبار ٹھپ ہو کررہ گیا ہے ، ایک ایسے شخص کو ملک و قوم پر مسلط کیا گیا ہے جنہیں ملکی باگ ڈور چلانا نہیں آتا ہے ، اگر صورتحال یہی رہی تو ملکی معیشت مذید بیٹھ جائیگاضرورت اس امر کی ہے کہ قومی مدعا کو سنا جائے اور ملک سے ناکام گروہ کے تسلط کا خاتمہ کیا جائے ۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض بی این پی کے ضلعی جنرل سیکرٹری عبدالنبی بلوچ، جمعیت علماءاسلام کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات و نشریات مولانا بشیراحمد عثمانی، نیشنل پارٹی کے ضلعی رابطہ سیکرٹری ناصرکمال بلوچ، پاکستان پیپلز پارٹی کے تحصیل صدر جمیل قادر اور معاون اسٹیج سیکرٹریز کے فرائض بی این پی سٹی کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمدبخش مینگل، جمعیت طلباءاسلام کے ضلعی صدر مولانا بلال احمد مردوئی نے سرانجام دیئے۔
